Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان اور شہباز گل کے خلاف ایک اور مقدمہ درج

غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ سیکریٹریٹ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف بھی غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ تھانہ آبپارہ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں عمران خان کے علاوہ مراد سعید، فواد چوہدری، فیصل جاوید، شیخ رشید  اور اسد عمر، راجہ خرم نواز،علی نواز اعوان اور دیگر کو نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے۔
مقدمہ پارلیمنٹ لاجز میں شہباز گل کے کمرے سے برآمد ہونے والے پستول پر درج کیا گیا۔
غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ سیکریٹریٹ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔  
شہباز گل نے کہا تھا کہ پستول ان کا نہیں بلکہ ملازم کا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہباز گل اور ان کا ملازم پستول کا لائسنس پیش نہ کرسکے جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
خیال رہے سنیچر کی رات کو پولیس نے شہباز گِل کے پارلیمنٹ لاجز میں واقع گھر پر چھاپہ مار کر تھوریا سیٹلائٹ فون اور پستول برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
پولیس شہباز گل کو ہتھکڑی میں پارلیمنٹ لاجز لائی تھی جبکہ کمرے میں تلاشی کے دوران شہباز گل وہاں موجود تھے۔
شہباز گِل کو نو اگست کو بنی گالہ کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بعدازاں انہیں پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔
اس وقت شہباز گل جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔

شیئر: