Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطر پاکستان میں تین ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا

سرمایہ کاری کا اعلان وزیراعظم پاکستان کے دورہ قطر کے دوران سامنے آیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
قطر کے امیری دیوان کے اعلامیہ کے مطابق قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پاکستان اس وقت معاشی مشکلات کا شکار ہے اور ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے دوچار ہے۔
پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوکر 7.8 ارب ڈالر رہ گئے ہیں جو کہ بمشکل ایک ماہ سے زائد کی درآمدات کے لیے کافی ہے۔
پاکستان کو بڑھتے ہوئے جاری کھاتوں کے خسارے اور ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کے بحران کا بھی سامنا ہے۔
امیری دیوان سے جاری اعلامیے کے مطابق ’قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان کے متعدد کمرشل اور دوسرے شعبوں میں سرماریہ کاری کرنے کے ارادے کا اعلان کیا ہے۔‘
تاہم اعلان کردہ سرمایہ کاری کی تفصیلات نہیں بتائی گئی ہے۔
مذکورہ اعلامیہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ قطر کے دوران سامنے آیا ہے۔ دورے کے دوران شہباز شریف نے بدھ کو امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی۔
امیری دیوان کے اعلامیے کے مطابق امیر قطر نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کی اہمیت اور قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے ذریعے سرمایہ کاری میں اضافے اور تجارت کے فروع کے ذریعے معاشی شراکت داری کی ایمیت پر زور دیا۔
یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب عالمی مالیاتی فنڈ کے کے بورڈ کا اجلاس اگلے ہفتے پاکستان کو ایک ارب ڈالر قرض کی منظوری کے لیے منعقد ہورہا ہے۔
شہباز شریف نے منگل کو قطر کے 450 ارب ڈالر مالیت کے خودمختار ویلتھ فنڈ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کو پاکستان کے توانائی اور ہوابازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ قطر کو حکومتی ملکیتی اداروں بشمول خسارے کا شکار پی آئی اے اور نیو یارک کے روزویلیٹ ہوٹل میں حصص کی پیش کش کریں گے۔

شیئر: