Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نجی اور انٹرنیشنل سکولوں کی فیس 75 ہزار ریال کی حد عبور کر گئی‘

2020 میں بڑھ کر  60 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ (فوٹو اخبار 24)
نجی تعلیم و تربیت کی قومی کمیٹی نے سعودی عرب میں انٹرنیشنل اور نجی سکولوں کی تازہ صورتحال اور ان کے یہاں مقرر سکول فیسوں سے متعلق جائزہ رپورٹ شائع کی ہے۔
الوطن اور اخبار 24 کے  مطابق جائزہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سکول فیس ایک جیسی نہیں۔ دس ہزار ریال سے لے کر  75 ہزار ریال تک فیس وصول کی جا رہی ہے۔ بعض سکول 75 ہزار سے بھی زیادہ فیس وصول  کر رہے ہیں۔

10 ہزار سے لے کر  20 ہزار ریال تک تعلیمی  فیس لینے والے سکول 40 فیصد ہیں جبکہ  20 ہزار سے لے کر 30 ہزار ریال تک فیس لینے والے 27 فیصد ہیں۔
جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 40 ہزار اور اس سے زیادہ فیس وصول کرنے والے سکولوں کا تناسب 10 فیصد سے کم ہے۔
جائزہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ سکولوں میں سعودی کورس کا تناسب 63 فیصد ہے۔ امریکی کورس کا تناسب  33 اور برطانوی کورس کا تناسب 17 فیصد ہے۔ سعودی کورس کی پابندی کرنے والے نجی سکولوں کا تناںسب 53 فیصد ہے۔ بین الاقوامی کورس پڑھانے والے نجی سکولوں کی شرح 30 فیصد ہے جبکہ انٹرنیشنل سکول 70 فیصد اپنے یہاں غیرملکی کورس پڑھا رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2017 میں نجی اور انٹرنیشنل سکولوں کی تعداد  2521 تھی جو  2020 میں بڑھ کر 2687 تک پہنچ گئی۔ ان میں سے 728 انٹرنیشنل اور 1959 نجی سکول ہیں۔
مملکت میں ہر طرح کے سکولوں میں  طلبہ کی تعداد  2017 میں  5.2 ملین تھی۔ یہ 2020 میں بڑھ کر  60 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ ان میں سے 2 لاکھ 67 ہزار انٹرنیشنل سکولوں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ  6 لاکھ 87 ہزار نجی سکولوں میں تعلیم پا رہے ہیں اور 50 لاکھ سے زیادہ طلبہ سرکاری سکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: