Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی نوجوان نے سیلابی ریلے میں پھنسے دو خاندانوں کے 8 افراد کو بچا لیا

ناجی بن ناصر البقمی نے کہا کہ العلبہ تحصیل میں شہری دفاع اور ہلال احمر کے سینٹر نہیں ہیں۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب کی تربہ کمشنری کی العلبہ تحصیل کے سعودی نوجوان ناجی بن ناصر البقمی نے دو خاندانوں کے 8 افراد کو وادی تربہ کے سیلاب میں بہنے سے بچالیا۔
 دونوں خاندانوں کے افراد السد الجوفی ڈھلوان سے گزر رہے تھے جبکہ کچھ فاصلے پر واقع پہاڑی علاقے سے آنے والا سیلابی ریلا وادی تک پہنچ گیا تھا۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی نوجوان نے بتایا کہ ’مقامی باشندوں کے ساتھ وادی تربہ کے کنارے موجود تھا۔ اسی دوران دو گاڑیوں کو وادی سے گزرتے ہوئے دیکھا۔ اندازہ ہوگیا کہ مسافروں کا تعلق ہمارے علاقے سے نہیں ہے‘۔
’انہیں خطرے سے متنبہ کرنے کی کوشش کی اور وادی کوعبور کرنے سے منع کیا لیکن دوسرے کنارے پر ہونے کی وجہ سے انہوں نے بات نہیں سنی اور آگے بڑھ گئے۔‘
ناجی بن ناصر البقمی نے بتایا کہ ’وادی میں دونوں خاندانوں کی گاڑیاں سیلاب میں پھنس گئیں۔ گاڑیوں میں موجود افراد مدد کے لیے پکارنے لگے۔ سیلاب کی صورتحال بے حد خطرناک تھی۔ ان کی مدد کے لیے کچھ بھی کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔‘
سعودی نوجوان کا کہنا تھا کہ ’بچوں اور خواتین کی آوازیں سن کر خود پر قابو نہ رکھ سکا۔ فوری طور پر گھر سے جو وہاں سے 8 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا، بڑی گاڑی لے کر پہنچ گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’محصور خاندانوں کو سیلابی ریلے سے نکالنے کےلیے مقامی نوجوانوں نے بھی میری مدد کی۔ 8 افراد کو بچانے میں کامیاب رہے۔ ان میں تین مرد، تین خواتین اور دو بچے تھے۔ بعد میں پتہ چلا کہ 30 سالہ نوجوان گاڑی الٹنے کی وجہ سے لاپتہ ہے۔ اس کی لاش مل گئی ہے۔‘
ناجی بن ناصر البقمی نے کہا کہ ’العلبہ تحصیل میں شہری دفاع اور ہلال احمر کے سینٹر نہیں ہیں۔ بارش اور وادیوں میں سیلاب آنے پر لوگ پھنس جاتے ہیں۔‘
 

شیئر: