Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اتنی اچھی پرفارمنس سندھ حکومت نے نہیں دی، جتنی دھانی نے دے دی‘

دھانی نے صرف چھ گیندوں پر 16 رنز بنائے۔ (تصویر: سکرین شاٹ)
پاکستان نے ایشیا کپ کے بڑے میچ میں انڈیا کو 148 رنز کا ہدف دیا ہے اور انڈین بیٹرز اس کے تعاقب کے لیے گراؤنڈ میں آچکے ہیں۔
بڑے میچ کے دوران پاکستانی شائقین سوشل میڈیا پر بھی اپنے تبصرے بگھارتے رہے۔
ٹوئٹر صارفین کی ایک بڑی تعداد ایسی تھی جو پاکستانی بیٹنگ لائن سے مایوس نظر آئے۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان اور دیگر بیٹرز سے شائقین کو کافی امیدیں تھیں لیکن معلوم ایسا ہوتا ہے کہ ان کی امیدوں پر صرف شاہنواز دھانی پورے اترے۔
شاہنواز دھانی گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے اور چھ گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے سولہ رنز بنائے اور مبشر زیدی نے انہیں ’دھانی شہزادہ‘ قرار دیا۔

ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ ’اتنی پرفارمنس تو سندھ گورنمنٹ نہیں دی جتنی دھانی نے دے دی۔‘ واضح رہے دھانی کا تعلق پاکستان کے صوبہ سندھ کے علاقے لاڑکانہ سے ہے۔

جبران الیاس نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ہمیں روشن پہلو دیکھنے کی ضرورت ہے۔ سب کی پوری بیٹنگ آئی۔‘

بڑے میچ میں پاکستان کی مایوس کن بیٹنگ نے ایک صارف کو ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کی بھی یاد دلادی اور ارشد وارثی کی میم ’بھائی یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا‘ کی بھی واپسی ہوگئی۔

پاکستانی بلے باز انڈین بولرز کی شارٹ پچ بولز سے پریشان رہے اور وکٹیں گنواتے رہے۔ محمد رضوان 43 اور افتخار احمد نے 28 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
انڈیا کی جانب سے بھونیشور کمار نے چار اور ہاردک پانڈیا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

شیئر: