ریاض میں کامیڈی پروگرام ، بین الاقوامی فنکاروں کی شرکت
ریاض میں کامیڈی پروگرام ، بین الاقوامی فنکاروں کی شرکت
پیر 29 اگست 2022 18:27
مقامی ٹیلنٹ کو تربیت دینا اے ایم سی اور سمائل کا سب سے بڑا مقصد ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کے پہلےعالمی مووی آپریٹراے ایم سی سینما نے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں جاری سٹینڈ اپ کامیڈی نائٹ میں شائقین کو محظوظ کرنے کے لیے بین الاقوامی کامیڈین کے ساتھ تفریحی پروگرام کا اہتمام کیا۔
عرب نیوز کے مطابق لائیو ایٹ اے ایم سی کے زیرعنوان کامیڈی نائٹ کے ریاض میں ہونے والے اس ایونٹ میں گذشتہ جمعرات کو کئی بین الاقوامی کامیڈین نے شرکت کی۔
لائیو ایٹ اے ایم سی میں سمائل انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے کینیڈا کی خاتون کامیڈین ایلیسن جان سمتھ کے علاوہ برطانیہ کے جو جیکبز اور پاکستان نژاد برطانوی اداکار رحمان اختر کی حیرت انگیز کارکردگی کا خیر مقدم کیا گیا۔
مسکراہٹوں کے ذریعے ہم اپنے مسائل وقتی طور پر بھول سکتے ہیں۔ فوٹو انسٹراگرام
اس موقع پر سعودی اداکار اور کامیڈین مشعال سمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے لیے یہ ایک بہت بڑا موقع ہے کہ بین الاقوامی کامیڈین کو یہاں آنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
مشعال سمان نے بتایا کہ لائیو ایٹ اے ایم سی میں ہمارے پاس مزید شوکرنے کا شیڈول ہے اور اب ہمارے پاس ریاض، جدہ اور الخبر کے دیگر مقامات سے اسٹینڈ اپ کامیڈی شو پیش کرنے کے لیے متعدد درخواستیں بھی آئی ہیں۔
اس موقع پر سمائل انٹرٹینمنٹ کی شریک بانی عبیر الفوتی نے بتایا کہ مجھے وہ دن یاد ہیں جب ہم شو کرنے کے لیے اجازت نامے کے لیے درخواست بھی نہیں دے سکتے تھے۔
کامیڈی نائٹ میں گذشتہ جمعرات کو کئی بین الاقوامی کامیڈین نے شرکت کی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی سٹیج پر پرفارم کرنے کے لیے تجربہ کار بین الاقوامی ٹیلنٹ کو لانا اور مقامی ٹیلنٹ کو تربیت دینا اے ایم سی اور سمائل کا سب سے بڑا مقصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے جو تیار نہیں کیا گیا لہذا ایک ایسا پلیٹ فارم جہاں یہ لوگ ہمیشہ پریکٹس کر سکیں اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہنسی اور مسکراہٹوں کے ذریعے ہم اپنے مسائل وقتی طور پر بھول سکتے ہیں اور صرف خوش رہ سکتے ہیں اور ساتھ رہ سکتے ہیں جو ہمارے لیے زیادہ اہم ہے۔