Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرفان خان اور رشی کپور پر متنازع ٹویٹس، کمال خان گرفتار

ممبئی پولیس کے مطابق کمال راشد خان کو آج بوریولی کی ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
انڈین اداکار کمال راشد خان کو ان کی متنازع ٹویٹس پر ممبئی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق کمال راشد خان کو منگل کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ ممبئی ائیرپورٹ پر اترے۔ ممبئی پولیس کے مطابق انہیں آج بوریولی کی ایک عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
کمال راشد خان متعدد بالی وڈ فلموں بشمول ’منا پانڈے بیروزگار‘، ’دیش دروہی‘ اور ’ایک ولن‘ میں کام کرچکے ہیں لیکن پچھلے کچھ عرصے سے ان کی وجہ شہرت ان کی متازع ٹویٹ بنی ہوئی ہیں۔
ان کی گرفتاری کا تعلق بھی 2020 میں کی گئی ایسی ٹویٹس سے جو انہوں نے آنجہانی اداکاروں عرفان خان اور رشی کپور کے حوالے سے کی تھیں۔
ایک انڈین پولیس افسر نے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کو بتایا کہ ’ہم نے کمال آر خان کے خلاف آنجہانی اداکاروں کے خلاف توہین آمیز بیان پر دفعہ 294 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔‘
تاہم پولیس کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا وہ متنازع ٹویٹس کونسی ہیں جن کی بنیاد پر کمال راشد خان کو گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتار ہونے والے انڈین اداکار اس سے قبل بھی اپنی ٹویٹس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر ہدف تنقید بنے رہے ہیں۔
گذشتہ دنوں انہوں نے اپنی ٹویٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ انڈین ٹیم کے سابق کپتان وراٹ کوہلی کے ’ڈپریشن‘ کی وجہ ان کی اہلیہ انشکا شرما ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد انہیں اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا پڑی تھی۔
پچھلے سال سلمان خان کی جانب سے بھی کمال راشد خان کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا اور اس کی وجہ بھی کچھ ٹویٹس ہی تھیں۔
سلمان خان کی قانون ٹیم نے اس وقت کہا تھا کہ ’کمال آر خان نے کچھ ٹویٹس اور ویڈیوز پھیلائی ہیں جس میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ سلمان خان نے ان پر ہتک عزت کا مقدمہ درج کروایا ہے کیونکہ انہوں نے ان کی فلم ’رادھے‘ کا رویو کیا ہے۔ یہ بات غلط ہے۔‘
سلمان خان کی قانون ٹیم کے مطابق ہتک عزت کا کیس اس لیے کیا گیا تھا کیونکہ کمال آر خان سلمان خان کے خلاف جھوٹے الزامات کی توثیق کررہے تھے کہ وہ ’بدعنوان‘، ’فراڈ‘ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔

شیئر: