Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: باجماعت نماز ادا کرنے پر 26 افراد کے خلاف مقدمہ

باجماعت نماز ادا کرنے والے 26 افراد کے خلاف نفرت اور دشمنی پھیلانے کے جرم میں مقدمہ درج کیا گیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی ریاست اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں ایک گھر میں باجماعت نماز پڑھنے والے 26 مسلمان شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ کی مطابق یہ واقعہ اترپردیش کے ضلع مراد آباد کے ایک مقامی گاؤں دلہے پور میں پیش آیا ہے جہاں ایک گھر میں مسلمان شہری باجماعت نماز پڑھ رہے تھے کہ پڑوسی نے ان کے خلاف شکایت درج کرادی۔
نمازیوں کے خلاف مقدمہ انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 2-505 کے تحت نفرت اور دشمنی پھیلانے کے جرم میں درج کیا گیا ہے۔
نمازیوں کے خلاف مقدمہ کروانے والے شہری چندر پال سنگھ کا کہنا ہے کہ ’یہ لوگ باجماعت نماز کے ذریعے لوگوں میں نفرت اور دشمنی پھیلا رہے ہیں۔‘
ویب سائٹ کے مطابق اس گاؤں میں کوئی مسجد نہیں ہے جس پر شہریوں نے مسلمانوں کے گھروں میں نماز ادا کرنے پر اعتراض کیا ہے۔
باجماعت نماز پڑھنے والے 26 مسلمان شہریوں میں 16 افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے جبکہ 10 افراد کی شناخت نہیں بتائی گئی۔
اترپردیش کے ضلع مرادآباد میں مسلمان شہریوں کے خلاف باجماعت نماز پڑھنے پر مقدمہ درج ہونے کے خلاف سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شدید ردِعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔
صحافی کاوشک راج کہتے ہیں کہ ’26 افراد کے خلاف اتھارٹی سے بغیر اجازت لیے اور پڑوسیوں کی خواہش پر باجمات نماز پڑھنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، کسی ایک مذہب کو مجرم بنانا ایسا ہوتا ہے۔‘

 
سری نگر سے تعلق رکھنے والے سیاست دان اور انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے سابق وزیر اعلٰی عمر عبداللہ نے اس پر کہا کہ ’مجھے یقین ہے کہ اگر کسی پڑوسی نے اپنے 26 دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ ہَوَن رکھا ہوتا تو سب کو بالکل قبول ہوتا، یہ لوگوں کے اکٹھے ہونے کا مسئلہ نہیں بلکہ نماز پڑھنے کا مسئلہ ہے۔‘
 
شبانہ مِیر لکھتی ہیں کہ ’ایک گاؤں جس میں کوئی مسجد نہیں ہے، وہاں 26 مسلمانوں پر گھر میں نماز ادا کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔‘
’پولیس والوں کی بڑی تعداد غریب مسلمانوں کو پکڑنے کے لیے تلاش کر رہی ہے، جی ہاں آپ نے صحیح پڑھا، روزانہ کی مسلمانوں کی عبادت کرنا ایک جرم بن گیا ہے۔‘
 

شیئر: