Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ آف پاکستان کا بھی جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ نکل آیا 

ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق ’سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کا ایک جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ چلایا جا رہا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سپریم کورٹ آف پاکستان کا بھی جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹ نکل آیا جسے بلاک کرنے اور ایسے اکاؤنٹ کو چلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔  
پاکستان میں عموماً کوئی بھی شخصیت کسی واقعے یا بیان کی وجہ سے میڈیا یا سوشل میڈیا کی زینت بنتی ہے تو جعل ساز اس کے نام سے اکاؤنٹ بنا لیتے ہیں یا فالوورز کی تعداد بڑھانے کی غرض سے اپنے اکاؤنٹ کو وقت طور پر اس شخصیت کے نام سے چلانا شروع کر دیتے ہیں۔  
اس حوالے سے وزارت خارجہ سے لے کر آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت متعدد ریاستی اور حکومتی شخصیات کی جانب سے وضاحتی بیانات آتے رہے ہیں۔  
اب معلوم ہوا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے نام سے بھی ٹوئٹر اکاؤنٹ بنا ہوا ہے۔ ترجمان سپریم کورٹ نے اس اکاؤنٹ کو جعلی قرار دیا ہے۔  
منگل کو سپریم کورٹ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’سوشل میڈیا پر سپریم کورٹ کے نام سے ایک اکاؤنٹ چلایا جا رہا ہے۔‘
’یہ وضاحت کی جاتی ہے کہ سپریم کورٹ ٹوئٹر اور فیس بک سمیت کسی بھی سوشل میڈیا پر کسی قسم کا اکاؤنٹ نہیں رکھتی۔ اس لیے سپریم کورٹ کے نام پر چلنے والے تمام اکاؤنٹس جعلی ہیں۔‘ 
ترجمان کے مطابق ’اس حوالے سے متعلقہ اداروں بالخصوص ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو اس اکاؤنٹ کو بلاک کرنے اور اسے چلانے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔‘
خیال رہے کہ اعتزاز احسن سمیت متعدد پاکستانی سیاست دان، انور مقصود سمیت متعدد لکھاری، اداکار اور اداکارائیں، سابق فوجی افسران اور ادارے بھی اسی نوعیت کی شکایات ایف آئی اے کے پاس درج کرا چکے ہیں کہ ان کے نام سے جعلی ٹوئٹر اکاؤنٹس چلائے جا رہے ہیں۔  

شیئر: