Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پاکستان کے خلاف ہاتھ ہولا رکھنا‘، افغان ٹیم کے کوچ عمر گل سے اہلیہ کا مطالبہ

عمر گل افغانستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مقرر کیے گئے ہیں (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)
ایشیا کپ میں افغانستان نے ڈرامائی میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر فتح اپنے نام کی تو ٹیم کے کوچ عمر گل نے بھی اس پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بہت سے کرکٹ فینز ایک غیر متوقع فتح حاصل کرنے پر منائی گئی خوشی میں عمر گل اور افغان کرکٹرز کے شریک بنے لیکن سابق پاکستانی بولر کے گھر سے ایک ایسا مطالبہ سامنے آیا جسے دیکھنے اور پڑھنے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔
عمر گل نے افغان ٹیم کی فتح پر لکھا کہ ’لڑکوں کی تھرل بھری ایک اور کامیابی۔ ہر کھلاڑی نے عمدہ فیلڈنگ کے ساتھ بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس سے ہم سپر فور میں پہنچے۔ اس ٹیم پر فخر ہے، کچھ مزید کامیابیاں باقی ہیں۔‘

عمر گل کی اس ٹویٹ پر ان کی اہلیہ ڈاکٹر مریم نقش نے ردعمل دیا تو لکھا کہ ’پاکتان کے خلاف ہاتھ ہولا رکھنا کوچ صاحب۔ مبارک ہو‘

شوہر اور بیوی کے درمیان ہونے والی گفتگو سے زیادہ اس کے موضوع کی دلچسپی نے بہت سے افراد کو ’شرارت بھری مداخلت‘ پر مجبور کیا تو کسی نے عمر گل کی اہلیہ کی ٹویٹ کو ’مطالبہ‘ اور کچھ ’معصومانہ دھمکی‘ کہہ گئے۔
یہ اندازے شاید غلط ثابت ہوتے لیکن اسی دوران سابق پاکستانی فاسٹ بولر نے اہلیہ کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے مختصر ترین جواب میں ’اوکے‘ لکھا اور ساتھ قہقہقوں کی علامات استعمال کیں۔
عمر گل کے جواب اور اس کے انداز نے ایک بار پھر ٹویپس کو جذبات کے اظہار کا موقع دیا تو ان کی فرمانبرداری کی داد دینے والوں کے درمیان کچھ یہ بھی کہہ گئے کہ ’اہلیہ کے پیغام میں چھپے پیغام کو عمر گل سمجھ گئے ہیں جبھی تو شرافت سے جواب دیا ہے۔‘
یہ گفتگو دیکھ کر ڈاکٹر مریم نے خود ہی معاملے کی وضاحت کہ اور اپنی بات کو ’وارننگ‘ قرار دے دیا۔

شرات بھری اس نوک جھونک کے درمیان کی گئی ٹویٹ میں عمر گل کی اہلیہ نے اپنی کیفیت بیان کی تو لکھا کہ ’مطلب عجیب ٹینشن میں ڈال دیا ہے۔‘

انہوں نے ’عجیب ٹینشن‘ کی وضاحت تو نہ کی لیکن تحت اللفظ معانی ڈھونڈنے کی مہارت کے دعویداروں نے لکھا کہ ’وہ قومی ٹیم کو سپورٹ کرنا چاہ رہی ہیں لیکن شوہر کی وجہ سے پڑوسی ملک کی ٹیم کی مخالفت بھی نہیں کر سکیں۔ ایسے میں اگر دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں تو یقینا عمر گل کی اہلیہ کے لیے یہ عجیب ٹینشن ہی ہو گی۔‘
مزاح وشرارت بھرے تبصروں کے درمیان کئی صارفین نے ڈاکٹر مریم نقش سے اتفاق کیا تو اس کا اظہار بھی کیا۔

افغانستان نے 30 اگست کو ہونے والے میچ میں ایک دلچسپ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم نے بیٹنگ شروع کی تو اننگز کے تقریبا نصف تک یوں محسوس ہو رہا تھا کہ بنگلہ دیش بآسانی یہ میچ جیت جائے گا۔
اس مرحلے پر ایک چوکے اور چھ چھکوں کے ساتھ 43 رنز بنانے والے نجیب اللہ زدران نے میچ کا پانسہ پلٹا اور ایک دلچسپ فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
 

شیئر: