Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی سپر ماڈل بیلا حدید کی پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل

یونیسیف کے ذریعے حالیہ سیلاب متاثرین کے لیےعطیہ مہم کا حصہ بنیں۔ فوٹو ٹربیون
امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے بے گھر  اور متاثر ہونے والوں کی مدد کے لیے سوشل میڈیا  پر اپیل کر دی۔
عرب نیوز کے مطابق فلسطین نژاد ماڈل نے حال ہی میں اپنے سوشل میڈیا پیج پر پاکستان میں سیلاب کے باعث ہونے والی تباہی کے بارے میں ایک تفصیلی نوٹ پوسٹ کیا ہے۔

مون سون کی طوفانی بارشوں نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ فوٹو انسٹاگرام

بیلا حدید نے سیلابی صورتحال پر تصاویر اور ویڈیو کلپ کے ساتھ بین الاقوامی تنظیم یونیسیف کے ذریعے سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کی درخواست بھی کی ہے۔
معروف ماڈل نے لکھا ہے کہ پاکستان بھر میں بدترین سیلاب کے دوران ہزار سے زائد افراد  ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک تہائی بچے شامل  ہیں۔
واضح رہے کہ جون سے اگست2022 میں مون سون کی طوفانی بارشوں نے پاکستان کے چاروں صوبوں میں بیشتر گاؤں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے جس سے کم از کم 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں۔

کوئی ان کی مدد کرے یا درخواست دوسروں تک پہنچا دے۔ فوٹو انسٹاگرام

حالیہ سیلاب کے باعث 40 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ اور تقریبا آٹھ لاکھ مویشی ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث پاکستان میں طویل مدتی غذائی قلت اور معیشت پر شدید اثرات مرتب ہوں گے۔
معروف ماڈل بیلا حدید نے اپنے فالورزکو سوشل میڈیا  پر درخواست کی ہے کہ آپ یونیسیف کے ذریعے ضرورت مندوں اور سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ مہم کا حصہ بنیں۔

سیلاب سے غذائی قلت اور معیشت پر شدید اثرات مرتب ہوں گے۔ فوٹوعرب نیوز

یونیسف کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کی جا رہی ہے جس میں طبی سامان، غذائی ضروریات اور پینے کے پانی کے علاوہ تعلیمی وسائل جاری رکھنے کے لیے مدد کی جا رہی ہے۔
معروف ماڈل نے اپنے چاہنے والوں کو عطیہ کی اپیل کے ساتھ لکھا ہے کہ میں سوشل میڈیا کے ذریعے لنک بھیج رہی ہوں کوئی ان کی مدد کرے یا کم از کم سوشل میڈیا کے ذریعے مدد کی درخواست دوسروں تک پہنچائیں۔
 

شیئر: