Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اداکارہ موسمی چٹرجی کی آج 64ویں سالگرہ

ممبئی.... بالی وڈ میں موسمی چٹرجی کا ، جن کی آج (بدھ کو)64 ویں سالگرہ ہے۔انہوں نے 70 اور 80 کی دہائی میں اپنی مسحور کن اداکاری سے ناظرین کودیوانہ بنایا۔ 26 اپریل 1953 کو کولکتہ میں پیدا ہونے والی موسمی چٹرجی نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز سال 1967 میں بنگلہ فلم بالیکا ودھو سے کیا۔ ان کی یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ بالی وڈ میں موسمی چٹرجی نے اپنے کیریئر کا آغاز سال 1972 ءکی فلم انوراگ سے کیا۔ اس فلم میں موسمی چٹرجی کے ساتھ ونود مہرا تھے۔ شکتی سامنت کی ہدایت میں بنی انوراگ میں موسمی چٹرجی نے نابینا لڑکی کا کردار ادا کیا تھا۔ کیریئر کے آغاز میں اس طرح کا کردار کسی بھی نئی اداکارہ کے لئے چیلنج سے بھرپور ہو سکتا تھا لیکن موسمی نے اپنی سنجیدہ اداکاری سے ناظرین کو بے حد مسحور کیا۔اس فلم کے لیے موسمی کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نامزد کیا گیا تھا۔ سال 1974 میں موسمی چٹرجی نے روٹی کپڑا اور مکان اور بے نام جیسی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کی۔ روٹی کپڑا اور مکان کے لیے موسمی چٹرجی کو بہترین معاون اداکارہ کے لئے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔سال 1976 میں ان کی ایک اور سپر ہٹ فلم ”سب سے بڑا روپیہ“ ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ایک بار پھر موسمی چٹرجی اور ونود مہراکی جوڑی کو بہت پسند کیا گیا۔ موسمی چٹرجی کے کیریئر میں ان کی جوڑی سب سے زیادہ ونود مہرا کے ساتھ پسند کی گئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سنجیو کمار، جتیندر، راجیش کھنہ، ششی کپور، امیتابھ بچن جیسے سپر ہٹ ستاروں کے ساتھ بھی کام کیا۔ انہوں نے ہندی فلموں کے علاوہ کئی بنگلہ فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی کچھ دیگر قابل ذکر فلموں میں کچے دھاگے، زہریلا انسان، سورگ نرک، پھول کھلے ہیں گلشن گلشن، مانگ بھرو سجنا، جیوتی بنے جوالا ، داسی، انگور، گھر ایک مندر، زخمی، سنتان ، جلاد، قریب، زندگی راکس وغیرہ شامل ہیں۔ 
 

شیئر: