بالی وُڈ کی ’کامیاب ترین‘ اداکارہ کا سکن کیئر برینڈ مالی خسارے کا شکار
بالی وُڈ کی ’کامیاب ترین‘ اداکارہ کا سکن کیئر برینڈ مالی خسارے کا شکار
بدھ 26 نومبر 2025 18:05
اداکارہ دپیکا پاڈوکون نے سنہ 2021 میں ’ای 82‘ برینڈ لانچ کیا تھا (فائل فوٹو: ای 82)
بالی وُڈ کی صف اول کی اداکارہ دپیکا پاڈوکون کے سکن کیئر برینڈ ’ای 82‘ کو مسلسل دوسرے سال بھی بڑے مالی خسارے کا سامنا ہے جبکہ کمپنی کی آمدنی میں 30 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق کمپنی کی جانب سے رواں مالی سال میں اخراجات کم کرنے اور منافع بخش ہونے کے لیے کوششیں جاری ہیں لیکن تاحال کاروبار اپنی مالی پوزیشن بہتر بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
اگرچہ گذشتہ برس کے مقابلے میں خسارے میں کمی دیکھی گئی ہے تاہم مجموعی طور پر مالی صورت حال اب بھی کافی خراب ہے۔
’ای 82‘ برینڈ ’یونیورسل کنزیومر وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ‘ کے تحت چلایا جاتا ہے اور کمپنی کے ڈائریکٹرز میں دپیکا پاڈوکون اور ان کے والد پرکاش پاڈوکون شامل ہیں۔
وزارتِ کارپوریٹ امور کو جمع کرائی گئی تازہ دستاویزات کے مطابق ’ای 82‘ کی آمدن سنہ2024-2023 کے 21 کروڑ 50 لاکھ روپے سے کم ہو کر 2025-2024 میں 14 کروڑ 50 لاکھ انڈین روپے رہ گئی۔
البتہ گذشتہ مالی سال میں کمپنی کو 23 کروڑ انڈین روپے سے زائد کے نقصان کا سامنا تھا جو اس سال کم ہو کر قریباً نصف رہ گیا ہے جسے انتظامیہ اپنی لاگت میں کمی کی حکمتِ عملی کا نتیجہ قرار دے رہی ہے۔
وزارت کو جمع کروائی گئی دستاویزات میں کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اخراجات، خصوصاً مارکیٹنگ کے شعبے میں نمایاں کمی لائی گئی ہے۔ 2024-2023 میں 20 کروڑ روپے کا مارکیٹنگ بجٹ رواں سال کم ہو کر صرف چار کروڑ 40 لاکھ روپے رہ گیا جو 78 فیصد کمی ہے۔
اسی طرح سے مجموعی کاروباری اخراجات بھی 47 کروڑ روپے سے کم کر لگ بھگ 26 کروڑ روپے رہ گئے ہیں۔ کمپنی کے مطابق یہ اقدامات نقصان کا حجم کم کرنے کے لیے ناگزیر تھے اور مستقبل میں آمدنی بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے تاکہ منافع کی جانب سفر شروع کیا جا سکے۔
’ای 82‘ برینڈ
اداکارہ نے سنہ 2021 ’ای 82‘ کو ایک لگژری سکن کیئر برینڈ کے طور پر متعارف کرایا تھا۔ برینڈ کی تمام پروڈکٹس کی قیمتیں عام طور پر دو ہزار 500 انڈین روپے سے زائد رکھی گئی تھیں۔
دپیکا پاڈوکون کی شہرت وسیع سوشل میڈیا فالوونگ اور بھرپور مارکیٹنگ کے باوجود یہ برینڈ گذشتہ تین برسوں کے دوران کسی بھی مرحلے پر منافع حاصل نہیں کر سکا۔
دوسری جانب کترینہ کیف کا ’کے بیوٹی‘ سنہ 2019 میں لانچ ہونے کے بعد نہ صرف مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا چکا ہے بلکہ گذشتہ چند برسوں میں خاطر خواہ منافع بھی کما رہا ہے جو دونوں برینڈز کی کارکردگی میں واضح فرق کو ظاہر کرتا ہے۔