Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ارشدیپ سنگھ ناقدین کا جواب اپنی کارکردگی سے دیں گے: والدہ

ارشدیپ سنگھ نے پاکستان کے خلاف میچ میں محمد آصف کا کیچ چھوڑ دیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
 اتوار کے روز دبئی میں کھیلے گئے پاکستان اور انڈیا کے میچ کے دوران آصف علی کا کیچ چھوڑنے کے بعد انڈین فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
ارشدیپ سنگھ نے آصف علی کا کیچ تب چھوڑا جب پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 16 گیندوں پر 31 رنز درکار تھے اور اس کے بعد آصف علی نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
سوشل میڈیا پر ارشدیپ سنگھ پر ہونے والی تنقید کے جواب میں انڈین پنجاب کے وزیر برائے کھیل گرمیت سنگھ ان کے دفاع میں میدان میں آگئے ہیں۔
’انڈین ایکسپریس کے مطابق صوبائی وزیر گرمیت سنگھ نے ارشدیپ سنگھ کی والدہ سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’آپ کو آج زندہ دلی دکھانی چاہیے کیونکہ پورے پنجاب سمیت انڈیا آج ارشدیپ کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
ارشدیپ سنگھ کے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے گرمیت سنگھ کا کہنا تھا کہ ’جن لوگوں نے کبھی کرکٹ نہیں کھیلی وہ بھی تبصرے کر رہے ہیں۔‘
پنجاب کے وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے ارشدیپ سنگھ کی والد کا کہنا تھا کہ ’میچ کے بعد جب ہم اس (ارشدیپ) کے ساتھ بیٹھے تو اس نے کہا کہ پریشان نہ ہوں اور وہ ناقدین کا جواب اپنی کاکردگی سے دیں گے۔‘
ارشدیپ سنگھ کے کیچ چھوڑنے کے بعد ہی ٹوئٹر پر دائیں بازو کی سوچ کے حامل انڈین صارفین نے ان پر سخت جملے کسنے شروع کردیے  تھے اور انھیں ’خالصتانی‘ کہا جارہا تھا۔
اسی سلسلے میں فیکٹ چیکر محمد زبیر نے درجنوں صارفین کی ایسی ٹویٹس نکالیں جو نہ صرف ارشدیپ سنگھ کے خلاف تھیں بلکہ ان ٹویٹس میں ان کو ’خالصتانی‘ بھی کہا گیا تھا۔
ارشدیپ سنگھ کی جانب سے کیچ چھوڑنے پر جہاں ان پر لفظی حملے اور تنقید کی جارہی ہے وہیں سابق کھلاڑیوں سمیت صارفین کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی جارہی ہے۔
سابق پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ ارشدیپ سنگھ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’میری انڈین ٹیم کے فینز سے درخواست ہے کہ کھیلوں میں ہم غلطیاں کرتے ہیں کیونکہ ہم بھی انسان ہیں۔ براہ کرم کسی کی ایسی غلطیوں پر تذلیل نہ کی جائے۔‘
سابق انڈین کرکٹر یوراج سنگھ نے لکھا کہ ’اگر آپ پاکستان اور انڈیا کے میچ کے دوران سنسنی میں رہتے ہیں تو سوچیں میدان میں کھیلنے والے کھلاڑیوں پر کتنا دباؤ ہوتا ہوگا۔‘
انڈین پنجابی سنگر جیزی بی لکھتے ہیں کہ ’مضبوط رہیں مسٹر سنگھ کیونکہ آپ پیدا ہوئے ہیں کنگ۔‘
خیال رہے گذشتہ روز ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پاکستان نے انڈیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

شیئر: