Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ میں سری لنکا سے شکست، انڈیا کی فائنل تک رسائی مشکل

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے تین، چمیرا کرونارتنے اور داسن شناکا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے  اہم میچ  میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
منگل کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے 174 رنز کا ہدف ایک بال قبل حاصل کرلیا۔
سری لنکا سے شکست کے بعد انڈیا کا فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا خاصا مشکل ہوگیا ہے۔
پہلے کھیلتے ہوئے انڈیا نے سری لنکا کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا تھا۔
سری لنکا کی جانب سے کشال مینڈس اور پتھم نسانکا نے اننگز کا آغاز کیا۔ 
پتھم نسانکا 52 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد کیچ آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا کو دوسرا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب کیرتھ اسالانکا بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔
کشال مینڈس 57 رنز بناکر یزوندرا چہل کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوئے۔ مینڈس کی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ 
بھنوکا راجا پکشا نے 25 اور داسن شناکا نے 33 ناقابل شکست رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے یزاندرا چہل نے تین جب کہ اشون نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں دبئی میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔
انڈین ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے کپتان روہت شرما نے 72، سوریا کمار یادو نے 34 جبکہ ہاردک پانڈیا اور رشبھ پنت نے 17، 17 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
انڈین سٹار بیٹر وراٹ کوہلی مدھوشنکا کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے کلین بولڈ ہوگئے۔

وراٹ کوہلی صفر پر مدھوشنکا کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے (فوٹو: اے ایف پی)

سری لنکا کی جانب سے دلشان مدھوشنکا نے تین، چمیرا کرونارتنے اور داسن شناکا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ میں شکست کے بعد انڈیا کی فائنل تک رسائی بہت مشکل ہو گئی ہے جبکہ پاکستان انڈیا فائنل کا امکان بھی ختم ہوگیا ہے۔
انڈیا کے فائنل تک پہنچنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان افغانستان اور سری لنکا کے خلاف اپنے میچز بڑے مارجن سے ہار جائے۔
اگر آج پاکستان افغانستان کو شکست دے دیتا ہے تو انڈیا ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔

شیئر: