Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اقامہ میں نام درست کرانے کے لیے خود جوازات سے رجوع کیا جا سکتا ہے؟

اقامہ میں نام درست کرانے کے بعد دوسرا کارڈ پرنٹ کرنا ہوتا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب میں محکمہ امیگریشن و پاسپورٹ جوازات کے قانون کے مطابق مملکت میں رہنے والے غیرملکیوں کے قانونی امور کی ذمہ داری سپانسر پر عائد ہوتی ہے۔
قانون کے مطابق سپانسرکے لیے لازمی ہے کہ وہ اپنے کارکن کے اقامے کے تجدید بروقت کرائے تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جوازات کے ٹوئٹرپرایک شخص کی جانب سے دریافت کیا گیا کہ ’اقامہ میں انگلش کا نام کس طرح درست کرایا جائے، کیا خود جوازات سے رجوع کرسکتے ہیں؟ 
اس کا جواب دیتے ہوئے جوازات کا کہنا تھا کہ ’اقامہ میں نام کی درستی کے لیے لازمی ہے کہ جوازات کے دفترسے پیشگی وقت حاصل کیا جائے۔ 
وقت مقررہ پرکارکن کا سپانسریا اس کی جانب سے مقرر کردہ نمائندہ جوازات کے دفتر سے رجوع کرے۔ نام کی درستی کےلیے کارآمد پاسپورٹ اور اس کی فوٹو کاپی فراہم کی جائے۔ 
پاسپورٹ پردرج نام کو اسی سپیلنگ کے ساتھ مقررہ فارم پردرج کیا جائے تاکہ اقامہ میں اس کی درستگی کی جا سکے۔  
اقامہ میں نام درست کرنے کے بعد دوسرا کارڈ پرنٹ کرانا ہوگا۔ دوسرا کارڈ بھی اسی وقت پرنٹ کر دیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ جوازات کے سسٹم کے مطابق اقامہ ہولڈرکارکنوں کے دستاویزی معاملات کی انجام دہی کے لیے لازمی ہے کہ کارکن کا سپانسریا اس کی جانب سے مقررکردہ نمائندہ ہی جوازات کے دفترسے رجوع کرے۔ کارکن براہ راست اپنے معاملے کے لیے رجوع نہیں کرسکتا۔ 
خیال رہے کہ غیرملکی کارکنوں کے اہل خانہ کے معاملات کی انجام دہی کے لیے کارکن خود براہ راست جوازات کے کسی بھی مقررہ دفتر سے رجوع کرسکتا ہے کیونکہ غیرملکی اپنے اہل خانہ کا سپانسر ہوتا ہے، اس لیے وہ اپنی اہلیہ یا بچوں کی قانونی دستاویزات کی درستی یا کسی بھی معاملے کے لیے جوازات کے دفتر سے رجوع کرسکتا ہے۔ 

جوازات کی جانب سے بیشترخدمات آن لائن فراہم کی گئی ہیں (فوٹو: الریاض اخبار)

 اسی طرح ایک اورشخص نے جوازات کے ٹوئٹر پر دریافت کیا کہ ’پاسپورٹ کی میعاد ختم  ہونے میں ایک ماہ باقی ہے کیا اقامہ تجدید کرایا جا سکتا ہے؟‘ 
جوازات کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا کہ اقامہ کی تجدید کے لیے لازمی ہے کہ کارکن کا پاسپورٹ ایکسپائرڈ نہ ہو اس صورت میں اقامہ کی تجدید میں کوئی امر مانع نہیں۔ 
واضح رہے کہ جوازات کے مرکزی سسٹم میں غیرملکی کارکن کی سفری دستاویز کی مکمل تفصیلات فیڈ ہوتی ہیں۔ اگر پاسپورٹ ایکسپائرڈ ہوگا تو اقامہ بھی تجدید نہیں کیا جا سکتا۔  
نیا پاسپورٹ بنوانے کے بعد اسے جوازات کے سسٹم میں فیڈ کرانا ضروری ہوتا ہے، جسے عربی میں ’نقل معلومات‘ کہا جاتا ہے۔ کارکن کے پاسپورٹ کی نقل معلومات کارکن کا سپانسراپنے ابشریا مقیم اکاؤنٹ کے ذریعے کرا سکتا ہے۔ 
نئے پاسپورٹ کی نقل معلومات ابشراکاؤنٹ کے ذریعے مشکل پیش آنے کی صورت میں لازمی ہوتا ہے کہ جوازات کی جانب سے جو اعتراض عائد کیا گیا ہے اسے پرنٹ کرنے کے بعد جوازات کے دفتر سے رجوع کریں، تاہم اس کے لیے کسی بھی جوازات کے قریبی دفتر سے پیشگی وقت حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔ 

شیئر: