Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشیا کپ: سری لنکا نے پاکستان کو باآسانی شکست دے دی

سری لنکا کی جانب سے اوپنر پتھم نسانکا نے 48 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ایشیا کپ  ٹی20 میں سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
سری لنکا نے 122 رنز کا ہدف 17 اوورز میں با آسانی کرلیا۔ بلیو شرٹس کی جانب سے اوپنر پتھم نسانکا نے 48 گیندوں پر 55 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کے دیگر بیٹرز میں سے بھنوکا راجاپکسا نے 24، کپتان داسن شناکا نے 21 اور ہسارنگا نے 9 رنز بنائے۔
سری لنکا کو دو بیٹرز کوشل مینڈس اور دنشکا گناتھلاکا بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور حارچ رؤف نے دو، دو جبکہ عثمان قادر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جمعے کو دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔
گرین شرٹس کی پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 121 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بابر اعظم 30 اور محمد نواز 26 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے ہراسنگھا ڈی سلوا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کی اننگز کا احوال

سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس اور پاتھم نیساکا نے اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد حسنین نے پہلے ہی اوور میں مینڈس کو صفر پر پویلین روانہ کر دیا۔
دینشکا گناتھیلاکے بھی صفر پر حارث رؤف کا شکار بنے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی دھننجیا ڈی سلوا تھے وہ نو رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
سری لنکا کے آؤٹ ہونے چوتھے کھلاڑی بھنوسا راجاپکسا تھے جو عثمان قادر کی گیند پر حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔
داسن شناکا سری لنکا کے آؤٹ ہونے والا پانچویں کھلاڑی تھے جو 21 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی اننگز کا احوال
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کے درمیان صرف 28 رنز کی شراکت داری بنی۔ محمد رضوان 14 گیندوں پر 14 رنز بنا کر پرامود مدوشن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فخر زمان تھے جو 18 گیندوں پر 13 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹ گئے۔

ہراسنگھا ڈی سلوا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

کپتان بابر اعظم 29 گیندوں پر 30 رنز کی سست اننگز کھیل کر ہراسنگھا ڈی سلوا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
خوشدل شاہ بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور چار رنز بنا کر دھننجیا ڈی سلوا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
15 ویں اوور میں افتخار احمد نے ہراسنگھا ڈی سلوا کو چھکا لگایا لیکن اسے اگلی دو گیندوں پر انہوں نے افتخار اور آصف علی کو بولڈ کر دیا۔
اس سے اگلے اوور میں ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے حسن علی کو مہیش ٹییکشانہ نے کیچ آؤٹ کر دیا۔
عثمان قادر بھی مہیش ٹییکشانہ کا شکار بنے۔ انہوں نے تین رنز بنائے۔
محمد نواز نے گرین شرٹس کی اننگز کو کچھ سہارا دیا۔ وہ دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 26 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث رؤف تھے وہ ایک رن بنا کر پرامود مدوشن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بابر اعظم 30 رنز بنا کر ہراسنگھا ڈی سلوا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

دونوں ٹیموں نے دو دو تبدیلیاں کی ہیں۔ پاکستان نے سری لنکا کے خلاف اس میچ میں میں فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ حسن علی اور آل راؤنڈر شاداب خان کی جگہ لیگ سپنر عثمان قادر کو شامل کیا ہے۔
خیال رہے پاکستان اور سری لنکا دونوں پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں اور دونوں ایک بار پھر 11 ستمبر کو مدمقابل آئیں گے۔

شیئر: