Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ریشم جی، مچھلیاں کھانا کھاتی ہیں پلاسٹک کے تھیلے نہیں‘

ریشم کو پلاسٹک کے تھیلے نہر میں پھینکنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستانی اداکارہ ریشم کو ان کی ایک ویڈیو پر کٹھے میٹھے تبصروں کے ساتھ تنقید کا سامنا ہے جس میں وہ نہر میں مچھلیوں کے لیے کھانا ڈالتے ہوئے پلاسٹک بیگز بھی ساتھ ہی پھینک دیتی ہیں۔
متعدد اکاؤنٹس سے شیئر ہونے والی ویڈیو کے ساتھ یہ تو واضح نہیں کیا گیا کہ یہ مناظر کس مقام کے اور کب کے ہیں البتہ ریشم کو خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو میں اداکارہ ریشم اپنی گاڑی کے قریب کھڑے ہو کر نہر میں کھانا ڈالتے ہوئے نمایاں ہیں۔ اس دوران وہ ایک سے زائد پلاسٹک بیگز بھی ساتھ ہی پھینکتے ہوئے دیکھی جا سکتی ہیں۔
ریشم کی ویڈیو سوشل ٹائم لائنز پر شیئر ہوئی تو متعدد صارفین نے جہاں انہیں ’آبی جانوروں کو کھانا کھلانے‘ پر سراہا وہیں کئی نے پلاسٹک تھیلوں کے معاملے میں ’غفلت برتنے‘ پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ ’ریشم جی، مچھلیاں کھانا کھاتی ہیں پلاسٹک کے تھیلے نہیں۔‘
شبانہ شوکت نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’پیاری ریشم آبی جانوروں کو کھانا پھینکنے کے بعد پلاسٹک کے تھیلے پھینکنے کا مطلب ان کی موت ہے۔‘

متعدد صارفین نے پلاسٹک بیگز کے نقصانات گنوائے تو ریشم کو متوجہ کیا کہ وہ جان بوجھ کر یا نادانستگی میں مچھلیوں کے ساتھ دشمنی کر رہی ہیں۔ ان تھیلوں کی وجہ سے نہر میں موجود آبی حیاتیات کو شدید نقصان ہوگا۔

شبنم حسنین نے لکھا کہ ’گوشت اور بریڈ پھینک رہی ہیں، سینڈوچ مچھلیاں خود بنا لیں گی۔‘

پاکستانی اداکارہ کی عمر کا ذکر کرنے والوں نے لکھا کہ ’باقی باتیں چھوڑیں، ہمیں اپنے بچپن میں بھی ریشم ایسے ہی دکھائی دیتی تھیں، وہ آج بھی نہیں بدلیں۔‘

مسرت عباس نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’معلوم نہیں یہ لوگ بوڑھے کیوں نہیں ہوتے، ہم اپنے بچپن سے ریشم کو ایسے ہی دیکھ رہے ہیں، ہمارے تو بال بھی سفید ہو گئے۔‘

شیئر: