ملتان سلطانز: آصف آفریدی کرپشن کے الزامات پر معطل
منگل 13 ستمبر 2022 19:37
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
آصف آفریدی کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر فوری طور پر معطل کیا گیا ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کے ساتویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے سپنر آصف آفریدی کو کرپشن کے الزامات پر معطل کردیا ہے۔
آصف آفریدی ڈومیسٹک کرکٹ میں خیبر پختونخوا کی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں۔ منگل کو ایک اعلامیے میں پی سی بی کا کہنا تھا کہ آصف آفریدی کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر فوری طور پر معطل کیا جارہا ہے۔
پی سی بی کے مطابق سپنر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور اس کے مکمل ہونے تک ان پر ہر قسم کی کرکٹ کھیلنے پر پابندی ہوگی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ آصف آفریدی کے خلاف تحقیقات پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ کررہا ہے اور اس حوالے سے سپنر کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے اور انہیں 14 دن کے اندر جواب دینے کا پابند بھی کیا گیا ہے۔
پی سی بی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں اور آصف علی پر لگنے والے الزامات کی نوعیت پر ان کی طرف سے کوئی تبصرہ نہیں کیا جائے گا۔
خیال رہے آصف آفریدی نے پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں ملتان سلطانر کے لیے پانچ میچ کھیل کر پانچ ہی وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
بائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سپنر کو رواں سال آسٹریلیا کے خلاف 20 رکنی ون ڈے سکواڈ کا بھی حصہ بیایا گیا تھا تاہم وہ پاکستان میں ہونے والی سیریز کا کوئی میچ نہیں کھیل سکے تھے۔