Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ

بدھ کو ڈالر کی قدر میں دو روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں دو روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق بدھ کو کاروباری عمل کی ابتدا میں ہی ڈالر کی قدر گزشتہ روز کے 231.92 روپے سے بڑھ کر 234.11 روپے ہو گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق رواں کاروباری ہفتے کے ابتدائی تین روز میں ڈالر کی قدر میں تقریبا چھ روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔
فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ امریکی کرنسی کی سمگلنگ اور امپورٹ بل کی وجہ سے روپے پر دباؤ ہے جو اس کی قدر میں کمی کی وجہ بن رہا ہے۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے دو روز قبل ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا تھا کہ ڈالر کی سمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کریں گے جس سے ڈالر کی قیمت نیچے آئے گی۔
اگست کے آخر میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے رکے ہوئے قرض کی قسط جاری ہونے کے بعد پاکستانی حکام کو توقع تھی کہ روپے کی قدر گرنے کا سلسلہ رکے گا تاہم مارکیٹ ٹرینڈز بتاتے ہیں کہ ایسا نہیں ہوسکا ہے۔
پانچ ستمبر کے بعد سے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت تیزی سے بڑھی ہے۔ گزشتہ آٹھ کاروباری ایام کے دوران ڈالر کی قیمت 218.98 روپے سے بڑھ کر 234.11 روپے ہو چکی ہے۔

شیئر: