Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اچھا پیغام جائے گا‘، آر ایس ایس کے سربراہ کا دہلی میں مدرسے کا دورہ

آر ایس ایس کے سربراہ نے مدرسے میں پڑھائی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔ فائل فوٹو
انڈیا میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے دہلی میں آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے سربراہ امام عمیر الیاسی سے ملاقات کی ہے۔
انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق آر ایس ایس کے سربراہ ان دنوں مسلمان رہنماؤں کے ساتھ مسلسل ملاقاتیں کر رہے ہیں۔
جمعرات کو اس ملاقات کے بعد امام عمر الیاسی نے کہا کہ اُن کو خوشی ہے آر ایس ایس کے سربراہ مسجد اور مدرسے میں آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’موہن بھاگوت کا یہاں آنا یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم سب ایک ہیں اور ہمیں مل کر رہنا چاہیے۔ ان کے یہاں آنے سے ایک اچھا پیغام جائے گا، یہ محبت کا پیغام ہے۔ موہن بھاگوت نے ہندو مسلمان کے ڈی این اے کے حوالے سے جو کہا وہ درست ہے۔‘
امام عمر الیاسی کے مطابق ’ڈی این اے ایک ہے صرف خداؤں کی عبادت مختلف طور پر کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے سربراہ کی ذمہ داری بھی ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلیں، ملک کا اتحاد برقرار رہے اور سب مل جل کر رہیں۔
اس ملاقات کے دوران بھاگوت کے ساتھ گوپال کرشن اور آر ایس ایس لیڈر اندریش کمار بھی موجود تھے۔
ایک گھنٹے سے زائد تک دہلی کی مسجد میں کی گئی اس ملاقات کے بعد موہن بھاگوت مدرسہ میں بھی گئے اور بچوں سے ملاقات کی۔
آر ایس ایس کے سربراہ نے مدرسے میں پڑھائی کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ موہن بھاگوت کسی مدرسہ میں اچانک پہنچے۔
بتایا جارہا ہے کہ تجوید القرآن مدرسہ دہلی کے آزاد مارکیٹ میں واقع ہے، جس میں 300 بچے پڑھتے ہیں ۔
امام مسجد کے بیٹے صہیب الیاسی نے بتایا کہ ’اس دورے سے ملک میں بہت اچھا پیغام جائے گا۔ ہم نے ایک خاندان کی طرح گفتگو کی۔ یہ زبردست ہے کہ وہ ہماری دعوت پر آئے۔‘

امام عمر الیاسی نے آر ایس ایس کے سربراہ کی مسجد آمد پر خوشی کا اظہار کیا۔ فائل فوٹو: سکرین گریب

آر ایس ایس کے سربراہ نے حال ہی میں ’فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘ کی کوشش کے طور پر مسلم دانشوروں سے ملاقاتیں کیں۔
انڈیا کی ریاست کرناٹک میں حجاب کے تنازعے اور بی جے پی لیڈر نوپور شرما کے پیغمبر اسلام کے بارے میں بیان کے بعد مختلف علاقوں میں مسلم ہندو تشدد کے واقعات پیش آئے تھے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں