Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیوٹی اور ٹیکس فری گاڑیاں منگوانے کا ایس آر او جاری نہیں کیا، ایف بی آر

 وفاقی کابینہ نے سنہ 2019 میں ڈیوٹی اورٹیکس فری بلٹ پروف گاڑیاں منگوانے کی سہولت دی تھی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ڈیوٹی اور ٹیکس فری بلٹ پروف گاڑیاں منگوانے کی اجازت سے متعلق ایس آر او جاری کرنے کی تردید کی ہے۔
سنیچر کو ایف بی آر کے ترجمان نے جاری بیان میں کہا کہ چند میڈیا اداروں نے ڈیوٹی اورٹیکس فری بلٹ پروف گاڑیاں منگوانے کی اجازت سے متعلق ایس آر او جاری کرنے کے حوالے سے خبریں چلائی ہیں جو حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔
بیان کے مطابق وفاقی کابینہ نے سنہ 2019 میں اس سہولت سے متعلق فیصلے کی منظوری دی تھی تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ مقامی میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ وفاقی کابینہ نے مسلح افواج کے تھری اور فور سٹار افسران کو ریٹائرمنٹ پر 6000 سی سی تک کی بلٹ پروف گاڑیاں بغیر ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی کے درآمد کرنے کی اجازت دی ہے۔
مقامی میڈیا نے ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزارت دفاع کی سفارش پر لیفٹیننٹ جنرلز، آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیف ریٹائرمنٹ کے وقت ڈیوٹی اور ٹیکسوں کے بغیر بلٹ پروف گاڑیاں منگوا سکیں گے۔

شیئر: