Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دیپتی شرما کا رن آؤٹ،’اس پر حیران ہونے کی کوئی ضرورت نہیں‘

انڈین ویمن ٹیم نے تین ون ڈے میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو کلین سوئپ کردیا۔
سنیچر کے روز لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں ہونے والے اس میچ کی اہم بات جہاں انڈین گیند باز جھولن گوسوامی کے کیریئر کا آخری میچ ہونا تھا وہیں انڈین بولر دیپتی شرما کی جانب سے کیے جانے والے 'رن آؤٹ' نے سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع کر دی ہے۔
تیسرے ون ڈے میں انگلینڈ ویمن ٹیم کو جیت کے لیے 39 گیندوں پر 17 رنز چاہیے تھے جبکہ انڈیا کو جیت کے لیے 1 وکٹ درکار تھی کہ دیپتی شرما نے نان سٹرائیکنگ اینڈ پر گیند کروانے سے پہلے چارلی ڈین کو رن آؤٹ کردیا۔
دیپتی شرما کے رن آؤٹ کرنے پر انگلش میڈیا اور سابق کھلاڑیوں کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ انڈین کرکٹ فینز اور تجزیہ کاروں کی جانب سے دیپتی شرما کے رن آؤٹ کو جائز اور قانونی قرار دیا جا رہا ہے۔
انگلینڈ مینز ٹیم کے فاسٹ بولر سٹورٹ براؤڈ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ ’میں 'منکڈ' کے طریقے سے آؤٹ کرنے پر ہونے والی بحث کو بہت لطف اندوز سمجھتا ہوں، دونوں جانب سے اچھے خیالات کا اظہار کیا جاتا ہے، میں ذاتی طور پر اس کے ذریعے میچ جیتنے کو پسند نہیں کرتا۔‘
 
انگلش صحافی پیرسز مورگن کہتے ہیں کہ 'یہ میچ جیتنے کا بہت بھونڈا طریقہ ہے، پوری انڈین ٹیم کو اس پر شرم آنی چاہیے۔'
دوسری جانب انڈین کرکٹ کے حامیوں کی جانب سے دیپتی شرما کے اس عمل سہرایا جا رہا ہے۔
انڈٰین ویمن ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور اپنی کھلاڑی کا دفاع کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’مجھے کافی خوشی ہوئی کہ وہ اس بات سے روشناس تھیں اور بیٹر بہت جلدی آگے نکل رہی تھیں، مجھے نہیں لگتا اس (دیپتی) نے کچھ غلط کیا ہے، ہمیں اس کی حمایت کرنی چاہیے، یہ آئی سی سی کے قوانین کا حصہ ہے اور یہ رن آؤٹ ہے جو ہم نے کیا ہے۔‘
کرکٹ کمننٹیٹر ہرشا بھوگلے کہتے ہیں کہ ’میرے خیال سے اس قانون کو یوں ہونا چاہیے کہ نان سٹرائیکر بولر کی جانب سے گیند پھینکنے تک کریز میں رہے۔'
سا گومیش لکھتے ہیں کہ ’دیپتی شرما کو کریڈٹ دیتے ہیں جن کی وجہ سے انگلینڈ کے مرد کھلاڑی خواتین کے میچ پر بات کر رہے ہی۔‘
دیوندرا پانڈے نے 2001 میں عامر خان کی ریلیز ہونے والی شہرہ آفاق فلم لگان کی ویڈیو لگاتے ہوئے کہا کہ 'انھوں نے ہمارے ساتھ فلم میں ایسا کیا تھا، ہم نے ان کے گھر میں ایسا کردیا۔'
ترن سنگھ ورما نے لکھا کہ 'جب انگلینڈ نے 2019 کا ورلڈ کپ باؤنڈری رُول پر جیتا تھا تو تب انگلش فینز کہتے تھے کہ اگر یہ اصول کے مطابق ہے تو جائز ہے، اب جب دیپتی نے ڈین کو نان سٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ کیا ہے تو وہ چِلا رہے ہیں، اگر یہ رن آؤٹ اصول کے مطابق ہے تو یہ جائز ہے۔'
وینکاٹا کرشنا نے کہا کہ ’دیپتی شرما نے جو کچھ کیا ہے وہ  عام سی بات ہے، اس پر حیران ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔‘

شیئر: