اماراتی ویزوں میں توسیع کب اور کیسے ممکن ہے؟
توسیع کا فیصلہ جاری ویزے کی نوعیت اور مدت کی بنیاد پر کیا جائے گا(فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں قومی شناخت، شہریت، کسٹم اور پورٹس سکیورٹی کے وفاقی ادارے نے کہا ہے کہ ویزے میں توسیع کی مدت کا فیصلہ ویزے کی نوعیت پر منحصر ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق توسیع کی مدت 30 یا 90 دن ہوتی ہے۔ اس کا فیصلہ جاری ویزے کی نوعیت اور مدت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
وفاقی ادارے کا کہنا ہے کہ وزٹ ویزے پر قیام کا دورانیہ وزیٹر کی آمد کے مقصد کی بنیاد پر بھی طے ہو گا۔ کسی صورت میں ویزے کی مدت ایک برس سے زیادہ نہیں ہو گی۔ اس پر مقررہ فیس وصول کی جائے گی۔ فیس ایک ماہ کی بنیاد پر لی جائے گی۔
وزٹ ویزے کئی قسم کے ہیں۔ ٹورسٹ ویزا، کسی رشتہ دار یا دوست سے ملاقات کے لیے ویزا، ملازمت کا ویزا، ملازمت کے مواقع دریافت کرنے کا ویزا، کاروبارشروع کرنے کے لیے تجارتی مواقع دریافت کرنے کا ویزا، اسی طرح طبی ویزا، تعلیمی ویزا برائے ٹریننگ یا ضیافتی ویزا شامل ہے۔
سیاحت، وزٹ اور جی سی سی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کے لیے امارات آمد کے ویزوں میں دو مرتبہ 30، 30 دن کی توسیع کی جاتی ہے۔ ویزے کی درخواست اور اجرا کی فیس 600 درہم ہے جبکہ جی سی سی ممالک میں مقیم غیرملکیوں کے ویزے کی فیس 700 درہم ہے۔
طبی ویزے کی فیس 500 درہم، جی سی سی ممالک کے شہریوں کے ہمراہیوں کے ویزے کی فیس 250 درہم اور تعلیمی ویزے کی فیس 600 درہم ہے۔ ان ویزوں میں 90 دن تک کی توسیع ہو سکتی ہے۔