Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت: قومی اسمبلی کے کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری، دو خواتین شامل

قومی اسمبلی کا انتخاب جیتنے والوں میں عالیہ الخالد بھی شامل ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
کویت میں کئی ماہ کے سیاسی تعطل کے بعد قومی اسمبلی کے انتخابات جیتنے والے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں شہری پولنگ سٹیشنز پر موجود تھے جنہوں نے آئندہ چار سال کے لیے 305 امیدواروں میں سے 50 ارکان کو ووٹ کے ذریعے منتخب کیا۔
ان امیدواروں میں 22 خواتین بھی شامل ہیں جنہوں نے پانچ مختلف حلقوں پر انتخاب لڑا ہے۔ 
اس سے قبل دسمبر 2020 میں واحد خواتین امیدوار کے ہارنے کے بعد سے کویت کی پارلیمان صرف مرد ارکان پر مشتمل تھی۔
کویت نیوز ایجنسی کی جانب سے جاری نتائج کے مطابق صرف دو خواتین منتخب ہوئی ہیں۔
چار حلقوں کے نتائج جاری ہو چکے ہیں جبکہ کویتی حکومت نے پانچویں حلقے سے انتخاب جیتنے والوں کی فہرست سرکاری طور پر نہیں جاری کی۔
گزشتہ دس سالوں کے دوران کویت میں ہونے والا یہ چھٹا انتخاب ہے۔ کویت واحد خلیجی ریاست ہے جہاں ممکمل طور پر منتخب پارلیمان موجود ہے۔
ارکان پارلیمان اور حکومت کے درمیان تنازعات کے بعد جون میں کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے پارلیمان تحلیل کر دی تھی۔

شیئر: