Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کم عمر لڑکی کا ریپ، انڈیا میں مجرم کو 142 برس قید بامشقت کی سزا

انڈیا میں کسی بھی مجرم کو سنائی جانے والی یہ سب سے سخت سزا پوکسو ایکٹ کے تحت ہے۔ فوٹو: پکسابے
انڈیا کی ریاست کیرالہ میں ایک کم عمر لڑکی کے ریپ کے مقدمے میں ایک شخص کو 142 سال کی قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق سنہ 2019 تا سنہ 2021 کے دوران مجرم قرار دیے گئے شخص نے اپنے رشتہ داروں کے گھر قیام کے دوران 10 سالہ بچی پر جنسی حملے کیے۔
کیرالہ کے علاقے پتھانمتھیٹا کی عدالت کے فیصلے کے مطابق مجرم نے دو برس تک بچی کا ریپ کیا۔
مجرم کے خلاف انڈیا کے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 506 اور پوکسو ایکٹ (بچوں کو جنسی حملوں سے بچانے کے قانون) کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے ٹرائل کیا گیا۔
مجرم آنندن پی آر کو 142 برس قید کے علاوہ پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی ہے۔
فیصلہ جج جایاکمار جوہن نے سنایا۔
انڈیا میں کسی بھی مجرم کو سنائی جانے والی یہ سب سے سخت سزا پوکسو ایکٹ کے تحت ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق مجرم کو جیل میں صرف 60 برس گزارنا ہوں گے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق پانچ لاکھ جرمانہ ادا نہ کرنے پر مجرم کو مزید تین سال جیل میں گزارنا ہوں گے۔
یہ مقدمہ تیرووالا پولیس نے مارچ 2021 میں درج کیا تھا اور عدالت میں استغاثہ کی جانب سے گواہوں کے بیانات، میڈیکل ریکارڈ اور ثبوت پیش کیے گئے تھے۔

شیئر: