Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دکھاوے سے کوسوں دور‘، میکسیکو کی صدر کے عام مسافر طیارے پر سفر کے چرچے کیوں؟

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے عام مسافر طیارے کی اکانومی کلاس میں سفر کرکے چین پہنچیں (فوٹو: روئٹرز)
میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے بدھ کے روز چین کے سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی حاصل کی اور مقبولیت کی نئی بلندیوں کو چھو لیا۔ اِس کی وجہ یہ تھی کہ وہ شینزن میں ہونے والی علاقائی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے عام مسافر طیارے کی اکانومی کلاس میں سفر کرکے پہنچیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) کے اجلاس میں شرکت کے لیے دنیا بھر کے رہنما اِن دنوں چین کے جنوبی شہر شینزن پہنچ رہے ہیں۔ اِن میں سے بیشتر رہنما خصوصی طور پر چارٹر مسافر طیاروں یا سرکاری جہازوں کے ذریعے چین پہنچے، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی طیارہ ایئر فورس ون بھی شامل ہے۔
تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے میکسیکو سٹی سے شینزن تک چائنا سدرن ایئرلائنز کی پرواز میں اکانومی کلاس میں سفر کیا۔ وہ پیر کے روز چین پہنچیں۔
چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر شائع ہونے والی پوسٹس میں میکسیکو کی صدر کو دورانِ پرواز دوسرے مسافروں سے گفتگو کرتے دیکھا جا سکتا ہے، تاہم خبر رساں ادارے اے ایف پی اِن تصاویر کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔
بدھ کی شام تک ویبو پر اُن کی چین آمد سے متعلق ایک ہیش ٹیگ کو ایک کروڑ دو لاکھ مرتبہ دیکھا جا چکا تھا۔
میکسیکو کی صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں انہیں ہوائی اڈے کی بس سے اُترنے کے بعد چینی حکام اور سکول کے بچوں کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ایک عام کمرشل پرواز کی اکانومی کلاس میں سفر کرنے کے اُن کے فیصلے کو سراہا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ قابلِ تعریف بات ہے کہ کوئی ٹیکس دہندگان کے پیسے احتیاط سے خرچ کرے اور اِس بات کو یقینی بنائے کہ یہ رقم وہاں استعمال ہو جہاں اِس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اور پرتعیش نجی طیاروں یا سرکاری دوروں کے اخراجات پر یہ رقم ضائع نہ کی جائے۔‘
کلاڈیا شین بام کو بیرونِ ملک دوروں کا خاص شوق نہیں اور وہ کفایت شعاری کی پالیسی کو فروغ دے رہی ہیں۔ اِس پالیسی کا آغاز ان کے پیش رو صدر آندریس مینوئل لوپیز اوبراڈور کے دورِ حکومت میں ہوا تھا، جنہوں نے سال 2023 میں میکسیکو کے صدارتی طیارے کو فروخت کے لیے پیش کر دیا تھا۔

کلاڈیا شین بام کو بیرونِ ملک دوروں کا خاص شوق نہیں اور وہ کفایت شعاری کی پالیسی کو فروغ دے رہی ہیں (فائل فوٹو: اے پی)

ویبو کے دیگر صارفین نے بھی انہیں ایک ایسی ’عملی سوچ رکھنے والی دانش ور‘ قرار دیا جو دکھاوے اور شاہانہ طرزِ زندگی کو پسند نہیں کرتی۔
ایک صارف نے اُن کی شینزن آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اُن کی آمد تازہ ہوا کے جھونکے جیسی محسوس ہوتی ہے۔‘
چین روانہ ہونے سے قبل شین بام نے بتایا تھا کہ اِس سفر میں انہیں ’تقریباً دو دن صرف پرواز میں گزارنے ہوں گے‘ اور وقت کے فرق کی وجہ سے یہ سفر خاصا مشکل بھی ہوگا۔
وہ وزرا کے ایک بڑے وفد کے ہمراہ شینزن پہنچی ہیں، جہاں انہیں امریکہ اور چین کے ساتھ میکسیکو کے پیچیدہ سہ فریقی تعلقات کو بھی پیشِ نظر رکھنا ہوگا۔
چینی وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق میکسیکو کی صدر نے منگل کے روز چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ٹیکنالوجی اور صاف توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے پر تبادلۂ خیال کیا۔
شین بام نے بدھ کے روز بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بھی اُن کی ’بہت اچھی ملاقات‘ ہوئی ہے۔
انہوں نے ایکس پر ٹرمپ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اپنی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’ہم اپنے مشترکہ ایجنڈے پر پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہیں۔‘

شیئر: