Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا میں تیز رفتار فائیو جی انٹرنیٹ سروس کا آغاز

ایک رپورٹ کے مطابق 2023 سے 2040 کے دوران فائیو جی انٹرنیٹ سے انڈیا کی معیشت کو 455 ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا۔ (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے سنیچر کو ملک میں تیزرفتار ’فائیو جی‘ انٹرنیٹ سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق نریندر مودی نے فائیو جی انٹرنیٹ سروس کا افتتاح نئی دہلی میں منعقد ہونے والے چھٹے انڈیا موبائل کانگریس 2022 کے موقع پر کیا۔
سروس کے افتتاح کے بعد وزیراعظم مودی نے مختلف موبائل کمپنیوں کے سٹالز کا دورہ کیا اور دیکھا کہ تیز رفتار فائیو جی انٹرنیٹ سروس سے کیا کچھ ہوسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق فائیو جی انٹرنیٹ سروس آئندہ چند سالوں کے دوران پورے ملک میں فراہم کی جائے گی۔
بھارتی ایئرٹیل کمپنی کے چیئرمین سنیل بھارتی کے مطابق فائیوجی سروس  ملک کے آٹھ شہروں میں فوری طور پر فراہم کی جائیگی۔
انڈیا موبائل کانگریس ڈیپارٹمنٹ آف ٹیلی کمیونکیشن اور سیلولر آپریٹر ایسوسی ایشن آف انڈیا مشترکہ طور پر منعقد کر رہے ہیں۔
فائیو جی سروس کے افتتاح کے بعد حکومت کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ فائیو جی انٹرنیٹ معاشی مواقع اور معاشرے کو بہت سے فوائد کی فراہمی کا سبب بنے گا اور انڈین معاشرے کے لیے تبدیلی کی قوت ثابت ہوگا۔
’یہ ملک کو ترقی کے راستے میں حائل روایتی رکاوٹوں کو عبور کرنے، کاروباری کمپنیوں اور سٹارٹ اپس میں جدت، اور’ڈیجیٹل انڈیا‘ کے ویژن کے فروغ کا سبب بنے گا۔‘
ماہرین کے مطابق فائیو جی انٹرنیٹ سروس سے ملک کو بہت زیادہ فائدہ ہوگا۔
موبائل کمپنیوں کے عالمی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق 2023 سے 2040 کے دوران فائیو جی انٹرنیٹ سے انڈیا کی معیشت کو 455 ارب ڈالر کا فائدہ ہوگا۔
یونین منسٹر برائے الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی اشوینی ویشناؤ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ٹیلی کام کمپنیوں کو مختصر مدت کے دوران ملک میں 80 فیصد فائیو جی کوریج کا ہدف دیا ہے۔

شیئر: