Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ہم کا معافی دے دو،‘ الطاف حسین امیتابھ اور ریکھا کا گانا کیوں گارہے ہیں؟

الطاف حسین 22 اگست کی ایک تقریر کے بعد سے پاکستانی سیاست سے باہر ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
گذشتہ دو دنوں سے لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کاٹنے والے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں وہ ایک گانا گا رہے ہیں اور شاید اس گانے کا مقصد پاکستان میں بیٹھے فیصلہ سازوں سے معافی مانگنا ہے۔
گانے کے بول ہیں ’ہم سے بھول ہوگئی، ہم کا معافی دے دو۔‘ یہ ویڈیو ٹوئٹر پر سب سے پہلے لندن میں مقیم صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے شیئر کی تھی۔
یہ گانا دراصل 1980 میں ریلیز ہونے انڈین فلم ’رام بلرام‘ کا ہے جسے امیتابھ بچن اور ریکھا پر فلمایا گیا تھا اور یہ گانا کشور کمار اور آشا بھوسلے نے گایا تھا۔
خیال رہے الطاف حسین نے پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں 22 اگست 2016 کو لندن سے ٹیلیفون کے ذریعے ایک خطاب میں ایک پاکستان مخالف تقریر کی تھی جس کے بعد ان پر یہ بھی الزام عائد ہوا تھا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کو پاکستان میں تشدد پر اکسایا تھا۔
اس واقعے کے بعد ایم کیو ایم کے پاکستان میں مقیم رہنماؤں نے الطاف حسین سے لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا اور علیحدگی اختیار کرلی تھی۔
بانی ایم کیو ایم کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے ایک فیصلے کے بعد ان کی تقاریر نشر کرنے بھی تاحال پابندی برقرار ہے۔
بانی ایم کیو ایم پر اپنے حامیوں کو تشدد پر اکسانے سے متعلق برطانیہ میں بھی مقدمہ درج ہوا تھا لیکن انہیں لندن کی عدالت نے رواں سال فروری میں اس کیس میں بری کردیا تھا۔
سوشل میڈیا پر الطاف حسین کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین بھی اس پر تبصرے کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
طاہر عمران میاں نے الطاف حسین کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’الطاف بھائی کو اپنا یوٹیوب چینل شروع کرنا چاہیے اور سیاسی تبصرے اور تجزیے شروع کرنے چاہییں۔ وہ سپر ہٹ ہوجائیں گے۔‘
الطاف حسین کی ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرکے پاک سرزمین پارٹی بنانے والے مصطفیٰ کمال نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں اپنے رب کا شکرگزار ہوں اس نے مجھے اور میرے ساتھیوں کو ان صاحب سے بغاوت کرنے کی ہمت دی۔‘
انہوں نے الطاف حسین کی ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’یہ ویڈیو کلپ ہمارے حق پر ہونے کا ثبوت ہے۔‘
پاکستانی گلوکار اور برابری پارٹی پاکستان کے سربراہ جواد احمد نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس اور اس میں ملنے والی معافی کا حوالہ دیتے ہوئے ایک ٹویٹ میں کہا کہ الطاف حسین کو بھی معافی ملنی چاہیے۔

شیئر: