Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کا سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی ریلیف آپریشن کا افتتاح

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ مشکل میں گھرے متاثرین کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔ 
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے تنظیم کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی ریلیف آپریشن کا افتتاح کیا۔
اس آپریشن کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں خیبر پختونخوا، جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں ریلیف کا سامان متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔  
اس موقع پر اپنے خطاب میں سیکریٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی نے کہا کہ ’تنظیم کی بنیاد ہی اخوت اور بھائی چارے پر رکھی گئی ہے۔‘
’پاکستان اس تنظیم کا اہم رکن ہے۔ پاکستانی عوام ہمارے بھائی اور بہنیں ہیں جو اس وقت مشکل سے دو چار ہیں۔ ہم پوری کوشش کریں گے کہ ان کے زخموں پر مرہم رکھ سکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے پہلے ہی پاکستانی سیلاب متاثرین کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ رابطہ عالم اسلامی بھی اس سلسلے میں اپنا حصہ ڈالے گی۔‘
بعد ازاں سیکریٹری جنرل کو امدادی سامان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے بھیجے جانے والے سامان میں خیمے، کھانے کے برتن، خشک راشن، ہائی جین کٹ، کمبل تولیے اور دیگر اشیا شامل ہیں۔  
سیکریٹری جنرل نے روانہ کیے گئے 40 ٹرکوں کا معائنہ بھی کیا اور ٹرک ڈرائیوروں سے ملاقات بھی کی۔  
قبل ازیں انہوں نے پاکستان میں اپنے دورے کی مصروفیات کا آغاز پاکستان کے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور سے ملاقات سے کیا۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے روانہ کیے گئے 40 ٹرکوں کا معائنہ بھی کیا (فوٹو: سکرین گریب)

وفد میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد مسعود الحارثی اور مذہبی امور کے سیکریٹری ڈاکٹر آفتاب اکبر درانی موجود تھے۔
ایڈیشنل سیکریٹری سید عطا الرحمان، ڈی جی سید مشاہد حسین خالد موجود بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں جاری منصوبوں، سیلاب متاثرین کی امداد اور دو طرفہ تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔  
بعد ازاں ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امت مسلمہ کو متحد کرنے اور امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کرنے پر رابطہ عالم اسلامی کی کاوشوں کو سراہا۔ 
 وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی عرب، مسلم ورلڈ لیگ اور شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے مسلم امہ کے مسائل بالخصوص فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے جو کردار ادا کیا وہ قابل تعریف ہے۔‘
 وزیرِاعظم نے مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

شیئر: