Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک مضبوط ہاتھوں میں، فیک نیوز پر توجہ نہ دیں: آرمی چیف

پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  کہا ہے کہ ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے، کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔
سنیچر کو کاکول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اس تقریب کو دیکھ کر انہیں 42 برس قبل کا وہ وقت یاد آ گیا ہے جب وہ بھی یہیں پر ایسی ہی پریڈ کا حصہ تھے۔
انہوں نے کورس مکمل کرنے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’سب کو آپ پر فخر ہونا چاہیے کیونکہ آپ ایک عظیم فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں جس کے کریڈٹ پر بے شمار کامیابیاں موجود ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیشہ اپنے کام پر توجہ دیں اور فیک نیوز پر دھیان دیں نہ سیاسی جھگڑوں میں پڑیں۔‘
انہوں نے کیڈٹس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ’جمہوری اداروں اور آئین کا احترام کریں اور ملکی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار رہیں۔‘
انہوں نے خطے کے حالات کا تذکرہ کرتے ہوئے یاد کہا کہ کسی ملک یا گروہ کو پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ’فوج نے ملک کو دہشت گردی سے جڑ کو اکھاڑنے میں بہت قربانیاں دیں۔‘

آرمی چیف جنرل قمر جاوید کا کہنا تھا کہ فوج نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بہت قربانیاں دیں (فوٹو: سکرین گریب)

انہوں نے کہا کہ ’یاد رکھیں کہ ہر کوئی پیدائشی طور پر پیشہ ورانہ مہارت نہیں رکھتا اس کو مسلسل محنت سے سیکھنا پڑتا ہے، اس کے بغیر کوئی اس مہارت تک نہیں پہنچ سکتا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ایک پروفیشل کمانڈر کے طور پر آپ میں مشکل فیصلے کرنے اور ان کی ذمہ داری قبول کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمسایوں سمیت خطے دیگر ممالک کے ساتھ بھی خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے مگر اس کو کمزور نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ’جن مسائل کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے ممالک ترقی نہیں پا رہے ان کو اچھے طریقے سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔ اس لیے ہمیں امن کو موقع دیتے ہوئے تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔‘
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ممالک آپس میں لڑنے کے بجائے بھوک، افلاس، جہالت اور موسمیاتی تبدیلیوں سے لڑیں۔

شیئر: