Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روپے کی قدر میں مزید بہتری، ’عالمی برادری کے امداد کے اعلانات اہم وجہ‘

چند ہفتوں سے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی ہے۔
پیر کے روز کاروبار کے آغاز پر ایک روپے 85 پیسے کی بہتری کے ساتھ امریکی ڈالر 218 روپے کی سطح پر آگیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کی جانب سے پاکستان کی مدد کی خبروں اور وفاقی حکومت کے سخت اقدامات روپے کی قدر میں بہتری کی اہم وجوہات ہیں۔ 
فاریکس ڈیلرز کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں سے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ آج بھی کاروبار کے آغاز سے دیکھا جا رہا ہے۔
اس وقت کاروباری اوقات کے ابتدائی مرحلے میں پاکستانی روپیہ 1 روپے 85 پیسے مزید مضبوط ہوا ہے۔ 
پیر کو ایک امریکی ڈالر کی قیمت 218 روپے پاکستانی روپے ہے جبکہ جمعے کو کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر 219 روپے 95 پیسے کی سطح پر موجود تھا۔  
جنرل سیکرٹری ایکسچینچ کمپینیز آف پاکستان ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی کے بعد عالمی برادری کا پاکستان کی سیلابی صورتحال میں مدد کے بیانات کی وجہ سے روپے پر دباؤ کم ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ 
معاشی ماہر طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کو برآمدات بڑھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپے کو مستقل بنیادوں پر مضبوط رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ کیا جائے۔

شیئر: