Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہ ملکی سیریز: پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان کے بولرز نسیم شاہ اور محمد وسیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ میں جاری سہ ملکی ٹی20 سیریز کے چھٹے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
جمعرات کو کرائسٹ چرچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز سکور بنائے تھے اور پاکستان کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے مطلوبہ ہدف ایک گیند پہلے تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ محمد نواز نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 20 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔
کپتان بابر اعظم نے 40 گیندوں پر نو چوکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے اور حسن محمود کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد آنے والے حیدر علی بغیر کوئی رنز بنائے کلین بولڈ ہو کر پویلین لوٹے۔
محمد رضوان 56 گیندوں پر 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں چار چوکے شامل تھے۔
بنگلہ دیش کی اننگز
بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ سات جبکہ دوسری 42 کے سکور پر گری۔
ابتدائی دو وکٹوں کے نقصان کے بعد لٹن داس اور شکیب الحسن نے پاکستانی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ لٹن داس 42 گیندوں پر 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شکیب الحسن نے 42 گیندوں پر 68 رنز سکور کیے۔
پاکستانی بولرز میں سے نسیم شاہ نے چار اوورز میں 27 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔ محمد وسیم نے چار اوورز میں 33 رنز دے کر دو بنگلہ دیشی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
محمد نواز کے تین اوورز میں 37 جبکہ محمد حسنین کے چار اوورز میں 38 رنز بنے۔ دونوں کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔

بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو: اے ایف پی

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 21 رنز سے ہرا دیا تھا۔
بدھ کو نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ میں بھی بنگلہ دیش کو 48 رنز سے شکست ہوئی تھی جس کے بعد وہ فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اس سے پہلے سیریز میں تین میچ کھیل چکی ہے جن میں سے دو میں اسے کامیابی جبکہ ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک 16 ٹی20 میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 14 میں کامیابی حاصل کی جبکہ بنگلہ دیش نے 2 میچز جیتے۔
سہ ملکی ٹی20 سیریز کا فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جمعے کو کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: