بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سکواڈ میں نئے کھلاڑیوں نے خود اپنی جگہ بنائی: مائیک ہیسن
بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سکواڈ میں نئے کھلاڑیوں نے خود اپنی جگہ بنائی: مائیک ہیسن
منگل 10 مارچ 2026 10:55
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کے کوچ مائیک ہیسن نے ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کی شمولیت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے(فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش دورے کے لیے نئی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں نے پاکستان شاہینز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد ون ڈے سیریز کے لیے اپنی جگہ خود حاصل کی ہے۔
پاکستانی سکواڈ میں چھ نئے کھلاڑی شامل ہیں اور ہیسن کے مطابق یہ گروپ تجربہ کار اور نئے ٹیلنٹ کا ایک دلچسپ امتزاج ہے۔
ڈھاکا میں پیر کو پہلے ٹریننگ سیشن سے قبل انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ مہمان ٹیموں کے لیے مشکل سمجھی جانے والی کنڈیشنز میں نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتی ہے۔
ہیسن نے کہا ’یہ ایک دلچسپ گروپ ہے، ہمارے پاس کچھ نئے چہرے ہیں جنہوں نے شاہینز کے ساتھ اچھی کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے اگلے درجے پر موقع حاصل کرنے کا حق کمایا ہے۔ بطور گروپ ہم انہیں شامل کرنے پر پُرجوش ہیں۔ یہاں ہمارا چیلنج یہ ہے کہ ہم جلد از جلد وکٹ کے مطابق خود کو ڈھالیں۔ جو بھی صورتحال سامنے آئے، ہمیں اپنی ٹیم کو بنگلہ دیش کو انہی کی کنڈیشنز میں چیلنج کرنے کے لیے تیار رکھنا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری آخری دو ون ڈے سیریز غیر معمولی رہی ہیں۔ ہم نے دونوں بہت واضح انداز میں جیتی ہیں۔ ہم نے مضبوط اور معیاری کرکٹ کھیلی، ٹاپ آرڈر میں رنز بنے جو ہمیشہ مددگار ہوتے ہیں۔ یہ سیریز کچھ نئے کھلاڑیوں کے لیے اسی تسلسل کو برقرار رکھنے کا چیلنج ہوگی۔‘
پاکستانی سکواڈ کے اعلان پر بابر اعظم کو شامل نہ کیے جانے پر بھی کافی بحث ہوئی، تاہم ہیسن نے انہیں ڈراپ قرار دینے سے گریز کیا۔ انہوں نے توجہ ون ڈے ٹیم میں شامل نئے چہروں پر مرکوز رکھتے ہوئے امید ظاہر کی کہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں مناسب مواقع ملیں گے۔
پاکستان کے سکواڈ میں چھ نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)
ہیسن نے کہا ’میرا نہیں خیال کہ کسی کو خاص طور پر ڈراپ کیا گیا ہے، یہ ہمارے لیے نوجوان ٹیلنٹ کو دیکھنے کا بہترین موقع ہے۔‘
انہوں نے کہا ’صاحبزادہ فرحان جیسے کھلاڑی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی سے خود کو منوایا ہے، جبکہ ڈومیسٹک میں بھی جب انہیں 50 اوور کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا تو انہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی۔ شمیل حسین ایک باصلاحیت کھلاڑی ہیں، وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے، لسٹ اے میں بھی شاندار رہے اور شاہینز کے ساتھ بھی اچھا کھیلے۔‘
ہیسن نے مزید کہا کہ ’معاذ صداقت کچھ عرصے سے ٹیم کے قریب رہے ہیں۔ یہ وہ نام ہیں جنہیں زیادہ دیکھنے کا موقع نہیں ملا، اور یہ سیریز ان کے لیے اپنی صلاحیت دکھانے کا موقع ہے۔‘
پاکستان بدھ کو پہلے ون ڈے میں بنگلہ دیش کا سامنا کرے گا، جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ بالترتیب 13 اور 15 مارچ کو کھیلا جائے گا۔ تینوں میچز ڈھاکہ کے شیرِ بنگلا نیشنل سٹیڈیم میں ہوں گے۔
گزشتہ سال جولائی میں اسی مقام پر کھیلی گئی ٹی20 سیریز کے دوران ہیسن نے کہا تھا کہ وکٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں، تاہم اس بار ان کے خیال میں حالات بہتر دکھائی دیتے ہیں۔
پاکستان ٹیم 11 سے 15 مارچ تک بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ہیسن کا کہنا تھا کہ ’بلاشبہ اب یہ وکٹ پہلے سے کہیں بہتر اور زیادہ کوریج کے ساتھ نظر آتی ہے، بدقسمتی سے یہاں کی وکٹ کچھ عرصے سے اچھی نہیں رہی، مگر بی پی ایل میں بھی ہم نے دیکھا کہ وکٹیں کافی بہتر تھیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’ایسا لگتا ہے کہ گھاس زیادہ ہے، بیٹنگ اور بولنگ دونوں میں حقیقی مقابلہ ہوگا جس سے دونوں ٹیموں کو فائدہ ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اچھی کرکٹ وکٹوں پر کھیلنا اور چیلنج چاہتی ہیں، اور اس وقت صورتحال ویسی ہی دکھائی دیتی ہے۔‘