کپتانوں کے جُھرمٹ میں بابر اعظم کی سالگرہ
ٹی20 ورلڈ کپ 16 اکتوبرسے آسٹریلیا میں شروع ہو رہا ہے۔ (فوٹو: دی کرکٹر)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم آج 28 برس کے ہو گئے ہیں۔ ان کی سالگرہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں کچھ یوں منائی کہ اس کے لیے تمام ٹیموں کے کپتانوں کو دعوت دی گئی تھی۔
ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم آج کل میلبرن میں ہے جہاں دوسری ٹیمیں بھی پہنچ چکی ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے سنیچر کو ٹوئٹر پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مختلف ٹیموں کے کپتان بابر اعظم کی سالگرہ منا رہے ہیں۔
تمام کپتانوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
48 سیکنڈ کی ویڈیو میں جہاں کئی ٹیموں کے کپتان دکھائی دیتے ہیں وہیں کچھ ایسا خوشگوار ماحول بھی بنا جو سوشل میڈیا صارفین کی نظر میں خصوصی طور پر آیا۔
ٹوئٹر صارفین خصوصاً جہاں بابر اعظم کو مبارک باد دے رہے ہیں وہیں کچھ ساتھ ہلکے پھلکے جملے اور تصویریں بھی لگا رہے ہیں۔
احمد خان نے ان کی مسکرانے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ان کی مسکراہٹ بہت خوبصورت ہے، کسی بچے کی طرح، اور ان کا دل بھی۔‘
ابوبکر فاروق تارڑ نے انڈین کپتان روہت شرما کے ساتھ بابر اعظم کی تصاویر شیئر کیں۔
بات صرف سالگرہ کی تصاویر تک ہی محدود نہ رہی، اویس اسلم نے بابراعظم کی ٹو پیس سوٹ پہنے اور کالا چشمہ لگائے تصویر شیئر کی جس کے اوپر لکھا تھا کہ ’نئے مسائل نیا حل چاہتے ہیں۔‘
انہوں نے ازراہ تفنن لکھا ’جب ٹیم میٹس آپ سے کیک کھانے کا پلان کر رہے ہوں اور آپ باہر سے گیسٹ بلا کر سالگرہ منا لیں۔‘
خیال رہے ٹی20 ورلڈ کپ کل سے آسٹریلیا میں شروع ہو رہا ہے۔