Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممنوعہ فنڈنگ: عمران خان کی 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور

ہائیکورٹ نے کل منگل تک عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کر رکھی ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کر لی ہے۔
عمران خان کی جانب سے جمع کرائی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکا جائے۔
عدالت کی جانب سے عمران خان کو ایک لاکھ کے مچلکوں پر 31 اکتوبر تک عبوری ضمانت دی گئی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 12 اکتوبر کو اسی کیس میں منگل 15 اکتوبر تک ان کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے عمران خان کو پانچ ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کرانے کا حکم دیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالت میں پیشی تک پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے بھی روک دیا تھا۔
عمران خان نے ‏ممنوعہ فنڈنگ کیس میں فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا، عدالت حفاظتی ضمانت منظور کرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہو سکیں۔
دوسری جانب اسسٹنٹ رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ اسد خان نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر 3 اعتراضات عائد کیے جن میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے بائیو میٹرک نہیں کرائی۔ ایف آئی آر کی غیر مصدقہ نقل لگائی اور خصوصی عدالت میں جانے سے پہلے ہائی کورٹ سے کیسے رجوع کر سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ منگل کو ایف آئی اے نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس میں مقدمہ درج کیا تھا۔
مقدمہ چھ اکتوبر کو ایف آئی اے کے کارپوریٹ بینکنگ سرکل نے درج کیا تھا جس کے بارے میں تفصیلات منگل کو سامنے آئی تھیں۔

ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی، ایف آئی آر

ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی اور وہ نجی بینک اکاؤنٹ کے بینفشری ہیں۔‘

جن افراد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے ان میں عمران خان کے علاوہ سردار اظہر طارق، سیف اللہ نیازی، سید یونس، عامر کیانی، طارق شیخ، طارق شفیع، فیصل مقبول شیخ، حامد زمان اور منظور احمد چوہدری شامل ہیں۔

شیئر: