Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورکمانڈرز کا نیوکلیئر کنٹرول سسٹم پر مکمل اعتماد کا اظہار

آرمی چیف نے کہا کہ تمام خطرات کے مقابلے میں ملک کا دفاع کیا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں منعقد ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس نے ملک کے نیوکلیئر کمانڈ اور کنٹرول سٹرکچر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر بہترین نظام کے ہم پلہ قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق منگل کو راولپنڈی کے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والی 252 ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں ملک کی اندروانی اور بیرونی سیکورٹی صورتحال اور آرمی کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
کانفرنس کو بتایا گیا کہ ’بطور ذمہ دار ریاست پاکستان نے اپنے ایٹمی اثاثوں کے تحفظ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کر رکھے ہیں جن کا موازنہ دنیا کے اعلٰی ترین معیارات سے کیا جا سکتا ہے۔‘
چیف آف آرمی سٹاف نے سیلاب کی ڈیوٹی کے دوران آرمی کے انتہائی مستعد کردار کو بھی سراہا۔
فورم کو سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدہ علاقوں میں سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر آرمی کی امدادی کارروائیوں اور سیلاب کے بعد بحالی کی کارروائیوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
آرمی چیف نے پاکستان آرمی کی تمام فارمیشن کی حربی تیاریوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام خطرات کے مقابلے میں ملک کا دفاع کیا جائے گا۔
چند دن پہلے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے بارے میں بیان کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی آئی تھی۔
گزشتہ ہفتے پاکستان نے امریکی صدر جو بائیڈن کے بیان پر امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا تھا۔
پاکستان وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’قائم مقام سیکریٹری خارجہ جوہر سلیم نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو طلب کر کے 14 اکتوبر کو کانگریس کی مہم کمیٹی کے استقبالیے کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن کے حالیہ بیان پر احتجاجی مراسلہ دیا۔‘
تاہم پیر کو امریکہ کے محکمہ خارجہ کے ترجمان ویڈنٹ پٹیل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ کو اعتماد ہے کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں کو کنٹرول کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکہ کو پاکستان کی جانب سے اپنے جوہری ہتھیاروں کو محفوظ بنانے کی کمٹمنٹ اور صلاحیت پر اعتماد ہے۔‘

شیئر: