Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وہ پاکستانی نغمہ جو جمائما گولڈ سمتھ شوق سے گاتی تھیں

عمران خان اور جمائمہ گولڈ سمتھ 1995 میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے (فائل فوٹو)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ سمتھ اردو میں ملی نغمہ گا کر خوب داد سمیٹ رہی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو دیے گئے انٹرویو میں جہاں جمائما گولڈ سمتھ نے پاکستان میں سیلاب سے بننے والی صورت حال اور اپنی فلم کے حوالے سے گفتگو کی، وہیں اردو کا ملی نغمہ بھی گایا اور یہ بھی بتایا کہ پاکستان میں وہ اپنے بچوں کے ساتھ ملی نغمے گایا کرتی تھیں۔
جب جمائما گولڈ سمتھ سے پوچھا گیا کہ اردو میں کچھ کہیں، جس پر انہوں نے ’پاکستان  زندہ باد‘ کہا تاہم جب میزبان نے اردو میں گانا گانے کی فرمائش کی تو انہوں نے کہا کہ انہیں گانے سے زیادہ اپنی اردو کی فکر رہتی ہے۔
جس پر میزبان نے پوچھا کہ وہ کون کون سے نغمے تھے اور گا کر سنائیں۔
جمائما گولڈ سمتھ لمحہ بھر کو مسکراتی ہیں اور پھر اپنی گلابی اردو میں مشہور نغمہ گانا شروع کر دیتی ہیں۔
’آؤ بچو سیر کرائیں تم کو پاکستان کی، جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی‘ پاکستان زندہ باد، پاکستان زندہ باد‘
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ نغمہ اس وقت سنا تھا جب وہ پاکستان میں تھیں۔
یہ مشہور ملی نغمہ سلیم رضا نے 70 کی دہائی میں گایا تھا جو بہت مشہور ہوا اور آج بھی مقبول ہے۔
عمران خان نے جمائما گولڈ سمتھ سے 1995 میں شادی کی تھی جبکہ 2004 میں ان کی علیحدگی ہو گئی تھی۔
سوشل میڈیا صارفین ان کی گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پسندیدگی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ٹوئٹر صاف اکرم چوہدری نے ویڈیو پر تبصرے میں جمائمہ گولڈ سمتھ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’پاکستانی آپ کو بہت پسند کرتے ہیں، آپ بہت شاندار خاتون ہیں۔ کاش آپ اور عمران خان آج بھی اکٹھے ہوتے۔‘

شیئر: