Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا منصوبے: ’48 گھنٹوں میں تمام رکاوٹیں دُور کرلیں‘

اجلاس کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے منصوبوں پر تازہ پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی (فوٹو: اے پی پی)
وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت زیر التوا منصوبوں کے حوالے سے اسلام آباد میں جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد جو کہ پاکستان کے دورے پر ہے، نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا منصوبوں کے حوالے سے 48 گھنٹوں میں تمام رکاوٹیں دور کر لی گئی ہیں اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام نے تمام ضروری کارروائی بھی مکمل کرلی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں ہم نے سعودی ڈیویلپمنٹ فنڈ کے منصوبوں کے حوالے سےغیر ضروری تاخیر کی جس کا ہمیں بہت نقصان اٹھانا پڑرہا ہے تاہم اب ہمیں اسی رفتارسے آگے بڑھنا ہے جس رفتار سے پچھلے دو دنوں میں کابینہ کے متعلقہ ارکان اور افسران کے اس گروپ نے کام کیا۔
اجلاس کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے منصوبوں پر تازہ پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت مہمند ڈیم پروجیکٹ، جاگرانIV پروجیکٹ، شونٹر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور گریویٹی فلو واٹر مانسہرہ پراجیکٹ کے حوالے سے تمام ضروری کاروائی مکمل کر لی گئی ہے اور اس سلسلے میں معاہدوں پر جلد دستخط کیے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پلانٹ اور گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے حوالے سے تمام دشواریاں دور کر لی گئی ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ آزاد جموں و کشمیر میں نیلم ویلی روڈ کے ایک سیکشن اور دو ٹنلز کی تعمیر کے لیے پی سی ون تیار کر لیا گیا ہے۔ مالاکنڈ ریجن میں انفراسٹرکچر کی تعمیر اور حیاسری ہسپتال کو ضروری سامان اور فرنیچر کی فراہمی کے منصوبوں کے حوالے سے بھی تمام مسائل حل کر لیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق ’آزاد جموں و کشمیر اور ایبٹ آباد کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے حوالے سے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ ، ایرا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے ہیں اور ترلائی، اسلام آباد میں شاہ سلمان ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے سعودی فنڈ کے منصوبوں میں رکاوٹیں ہٹانے  پر کابینہ کے متعلقہ ارکان اور افسران کی تعریف کی (فوٹو: پی ایم آفس)

وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اور دیامر بھاشا ڈیم میں فنڈنگ کرنے کی ترغیب دی جس پر سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد نے دلچسپی کا اظہار کیا۔
 17 اکتوبر 2022 کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے منصوبوں میں تاخیر پر سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ اس سلسلے میں تمام ضروری کاروائی وفد کی پاکستان میں موجودگی کے دوران پوری کر کے ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے خارجہ امور سمیت ہر محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لئے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی۔
انہوں نے اس سلسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی مالی مشکلات کے حل گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی اور سرمایہ کاری کی صورت میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ۔
’سعودی عرب کی خوشحالی اور سیکورٹی پاکستان کی خوشحالی اور سیکورٹی ہے اور ہم ہر طریقہ سے سعودی عرب کی حمایت جاری رکھیں گے۔‘ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ وفد کی قیادت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے جنرل ڈائریکٹرایشیا ڈاکٹر سعود اے ایشمری نے کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اقتصادی امور ایاز صادق، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

شیئر: