Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا منصوبوں میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کا حکم

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے لوگوں کے لیے دوسرے گھر جیسا ہے۔ (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر التوا تمام ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں حائل رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق پیر کو سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم نے سعودی عرب کے لیے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور جہانزیب خان پر مشتمل خصوصی ٹاسک فورس کو ہدایت کی کہ ’وہ سعودی وفد کے پاکستان میں قیام کے دوران ہی تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالے۔‘
وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے لوگوں کے لیے دوسرے گھر جیسا ہے اور پاکستانی بھی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے سعودی وفد کو پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت توانائی کے اس سستے اور صاف ذریعے کو فروغ دینے پر خاص توجہ دے رہی ہے تا کہ زرمبادلہ کی بچت ہو اور عوام کو سستی بجلی بھی فراہم کی جا سکے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ داخلی اور خارجی محاذ پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے، سعودی قیادت کی جانب سے پاکستان کو ہمیشہ غیر مشروط حمایت اور مدد حاصل رہی ہے۔ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب نے پاکستان کی ہر طرح سے مدد کی ۔
انہوں نے اس سلسلے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا خاص طور سے شکریہ ادا کیا۔
 وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی عرب نے گرانٹ اور قرضوں کی فراہمی اور سرمایہ کاری کی صورت میں پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔‘
سعودی وفد کی قیادت سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے جنرل ڈائریکٹر ایشیا ڈاکٹر سعود اے الشمری کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور متعلقہ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
 

شیئر: