Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’لانگ مارچ انقلاب نہیں بلکہ مرضی کا آرمی چیف لگانے کے لیے ہے‘

عمران خان کا کہنا ہے کہ عوام کا سمندر حقیقی آزادی لے کر آئے گا (فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’عمران خان کا لانگ مارچ کسی انقلاب کے لیے نہیں بلکہ اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کے لیے ہے۔‘
بدھ کو اپنی ایک ٹویٹ میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے لکھا کہ ’عمران خان کا انقلاب ان کی چار سالہ حکمرانی میں عوام دیکھ چکی ہے۔ دوسروں کو چور کہنے والا عمران خان خود فارن فنڈنگ، توشہ خانہ اور 50 ارب کی ڈکیتی کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ تاریخ کا سب سے بڑا چور ثابت ہوا۔‘
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین سابق وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ (لانگ مارچ) پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی آزادی کی تحریک ہوگی۔
بدھ کو سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ’جمعے کو لاہور سے نکلوں گا، ابھی فیصلہ نہیں کیا یا تو سیالکوٹ سے ہوتا ہوا جاؤں گا یا سیالکوٹ مجھے ملنے آئے گا۔ اتوار تک فیصلہ ہو جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’بیرونی سازش کے ذریعے چوروں کو ہم پر مسلط کیا گیا۔ چوروں کو شکست دے کر ملک کو حقیقی آزادی دلوانا چاہتا ہوں۔‘
عمران خان کے بقول یہ نہ کرسی کی جنگ ہے نہ ہی سیاست ہو رہی ہے۔ تب تک جدوجہد کرتے رہیں گے جب تک قوم اپنی قیادت منتخب کرنے کا حق نہیں ملتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ’ہم امریکہ کے غلاموں کو چوروں کو کبھی اس ملک پر مسلط نہیں ہونے دیں گے۔ ’جیسے ہی میں اسلام آباد پہنچوں گا، انشاللہ پورے پاکستان سے قافلے آئیں گے۔‘
سابق وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’رانا ثنااللہ تیار ہوجاؤ، اسلام آباد میں عوام کا سمندر آئے گا۔ عوام کا سمندر اسلام آباد پہنچے گا اور حقیقی آزادی لے کر آئے گا۔‘

شیئر: