Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’فیصل واوڈا کا بیان لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش‘، پارٹی رکنیت معطل

اسد عمرن کا کہنا ہے کہ ’فیصل واوڈا کا بیان پارٹی پالیسی کی نمائندگی نہیں کرتا‘ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا کی نیوز کانفرنس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی اپنی پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ان پر تنقید دیکھنے میں آرہی ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’ارشد شریف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے میں تھا اور پاکستان واپس آنا چاہتا تھا۔ اسٹیبلشمنٹ کا ارشد شریف کو قتل کروانے میں کوئی کردار نہیں ہے۔‘
فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس مارچ کے اندر جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں۔ میں ان لوگوں کو چند لوگوں کی سازش کے ذریعے نہیں مرنے دوں گا۔
ان کی اس نیوز کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں اور حامیوں نے سوشل میڈیا پر فیصل واوڈا کو آڑے ہاتھوں لینا شروع کردیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے اور ان کے بیان پر دو روز میں وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔
شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’آپ نے پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات دے کر پارٹی ڈسپلن اور گائیڈلائنز کی خلاف ورزی کی ہے۔‘
’یہ قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے، شوکاز نوٹس ملنے کے دو روز کے اندر جواب دیں کہ کیوں آپ کی پارٹی رکنیت منسوخ نہ کی جائے۔‘
شوکاز نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’آپ کو جواب ملنے تک آپ کی پارٹی رکنیت معطل کی جاتی ہے اور اس وقت تک آپ جماعت کا کوئی عہدہ رکھ سکتے ہیں نہ میڈیا میں پارٹی کی نمائندگی کرسکتے ہیں۔‘
پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’فیصل واوڈا نے ہمارے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’جب عمران خان نے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ سب کو پرامن رہنا ہے تو ان (فیصل واوڈا) کی نیوز کانفرنس میں کیا وزن رہ جاتا ہے؟‘
پی ٹی آئی کے حامی گلوکار سلمان احمد نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’پی ڈی ایم (حکمراں اتحاد) اور ان کے ہینڈلرز توقع سے زیادہ بے وقوف ہیں۔‘
انہوں نے فیصل واوڈا کی نیوز کانفرنس کو پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکنے کی کوشش قرار دیا اور کہا کہ ’جمعے کو ہم پورے پاکستان میں سونامی دیکھیں گے۔‘
خیال رہے سابق وزیراعظم عمران خان نے جمعے کو لاہور سے اپنی جماعت کا لانگ مارچ شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کا آخری پڑاؤ اسلام آباد میں ہوگا۔‘
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’فیصل واوڈا کا بیان پارٹی پالیسی یا خیالات کی نمائندگی نہیں کرتا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی سندھ کے صدر کو چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر فیصل واوڈا کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا کہا گیا ہے کیونکہ فیصل واوڈا نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔
سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آج کی پریس کانفرنس کا آصل مقصد کیا تھا؟
انہوں نے مزید لکھا کہ ’لانگ مارچ پر امن ہوگا۔ اسے خراب کرنے کی سازش ناکام ہوگی۔‘
فیصل واوڈا کی نیوز کانفرنس پاکستان کے سرکاری ٹی وی چینل پر بھی براہ راست نشر کی گئی جو کہ بہت سارے ناظرین کے لیے حیران کن امر تھا۔
اس پر پی ٹی آئی کے رہنما راجا بشارت نے لکھا کہ ’کبھی ہمیں بھی دکھاؤ نا پی ٹی وی۔‘

شیئر: