Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی کے کمرے میں کون گھس آیا؟

وراٹ کوہلی کا کہنا ہے کہ ویڈیو نے انہیں ڈرا دیا ہے۔ (فوٹو: کوہلی/انسٹاگرام)
آسٹریلیا میں انڈین بیٹر وراٹ کوہلی کے ہوٹل کے کمرے میں ایک پرستار گھس آیا اور اس نے کمرے میں رکھی ان کی چیزوں کی ویڈیو بھی بنائی۔
پیر کو انسٹاگرام پر وراٹ کوہلی نے ایک ویڈیو شیئر کی جس کے اوپر لکھا تھا کہ ’کنگ کوہلی کے ہوٹل کا کمرہ‘۔ یہ ویڈیو کوہلی تک کیسے پہنچی اس حوالے سے سابق انڈین کپتان نے کچھ نہیں کہا۔
لیکن انہوں نے اپنے پرستاروں سے یہ گزارش کی ہے کہ وہ ان کی پرائیوسی کا احترام کریں۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کوہلی نے لکھا کہ ’میں سمجھ سکتا ہوں کہ پرستار اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں، ان سے ملنے کے لیے پرجوش رہتے ہیں اور میں نے انہیں ہمیشہ سراہا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’لیکن یہ ایک خوفناک ویڈیو ہے اور اس نے مجھے اپنی پرائیویسی کے حوالے سے ڈرا دیا ہے۔‘
کوہلی نے سوال کیا کہ ’اگر مجھے اپنے ہی ہوٹل کے کمرے میں پرائیویسی نہیں ملے گی تو پھر کیا میں کسی بھی قسم کے پرسنل سپیس کی توقع رکھ سکتا ہوں؟‘
سابق انڈین کپتان نے پرستار کی کمرے میں گھس کر ویڈیو بنانے کی حرکت کو ’جنونیت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے اپنی پرائیویسی پر حملہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’میں اس قسم کی جنونیت اور پرائیویسی کی پامالی کو پسند نہیں کرتا۔‘
اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے آخر میں کوہلی نے لوگوں سے گزارش کی کہ وہ پرائیویسی کا احترام کریں اور اسے اپنی انٹرٹینمنٹ کے لیے پامال نہ کریں۔

شیئر: