Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ابھی وقت لگے گا‘، ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کھٹائی میں پڑ گئی

ٹوئٹر کی پچھلی انتظامیہ نے ضوابط کی خلاف ورزی پر جو اکاؤنٹس بند کیے ان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بھی شامل تھا (فوٹو: اے ایف پی)
مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے چارج تو سنبھال لیا تاہم اس کا نیا طریقہ کار غیرواضح ہونے کی وجہ سے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پابندی کے شکار اکاؤنٹس کی بحالی میں ہفتوں لگ سکتے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی ان افراد میں شامل ہیں جن کا اکاؤنٹ کپیٹل ہل پر حملے کے بعد ٹوئٹر کی سابق انتظامیہ نے بند کر دیا تھا جبکہ ایلون مسک سودے سے قبل ایسا اشارہ دے چکے تھے کہ ان کا اکاؤنٹ بحال کر دیا جائے گا۔
اسی طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ٹوئنٹر اب سمجھدار ہاتھوں میں ہے۔‘
ٹوئٹر اس معاملے کو بغور دیکھ رہے ہیں کہ آیا ایلون مسک ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بحال کریں گے یا نہیں اسی طرح اور بھی کئی ایسے لوگ ہیں جن کے اکاؤنٹس بند کیے گئے تھے۔
قوانین کی خلاف ورزی پر بند ہونے والے اکاؤنٹس کی ممکنہ بحالی کے معاملے کو ایلون مسک کے لیے بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے جنہوں نے پلیٹ فارم کو سب کے لیے ’اظہار کے لیے آزاد‘ پلیٹ فارم قرار دیا تھا۔
اس کے بعد صارفین کو امید تھی کہ جلدی کوئی بڑا قدم سامنے آئے گا تاہم بدھ کو ایلون مسک کی جانب سے کہا گیا کہ ’ابھی کچھ وقت لگے گا۔‘

ایولن مسک نے چند روز قبل ہی ٹوئٹر کی ملکیت حاصل کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ٹوئٹر ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹ تب تک بحال نہیں کرے گا جب تک بحالی کے عمل کو واضح نہیں بنا لیا جاتا اور اس میں چند ہفتے لگ سکتے ہیں۔‘
ان حالات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کی بحالی التوا کا شکار ہوتی دکھائی دے رہی ہے حالانکہ آنے والے چند روز سیاسی لحاظ سے بہت اہم ہیں کیونکہ آٹھ نومبر کو مڈٹرم انتخابات ہو رہے ہیں۔
ایک زبردست ٹوئٹر یوزر کے طور پر ٹرمپ نے سیاسی طور پر اس کا زبردست استعمال کیا تھا اور اپنی پارٹی ریپبلکن پر کنٹرول برقرار رکھا تھا جبکہ انہوں نے آنے والے انتخابات پر سوالات بھی اٹھا رکھے ہیں۔
جب سے ایلون مسک کے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالا ہے تب سے ڈونلڈ ٹرمپ کہتے آئے ہیں کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر رہنے میں خوشی محسوس کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے پر خوشی کا اظہار کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

تاہم سابق صدر کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو مالی مسائل کا سامنا ہے اور سیاسی مبصرین کا ماننا ہے وہ ٹوئٹر کی طرف آنے پر زیادہ مزاحمت کا مظاہرہ نہیں کر سکیں گے جو ایک عالمی نوعیت کا پلیٹ فارم ہے۔
ٹروتھ سوشل کی قسمت کا فیصلہ جمعرات کو ہونے والی ایک اہم میٹنگ میں متوقع ہے اور پلیٹ فارم کے اہم سٹیک ہولڈرز میں سے ایک کو ہٹایا جا سکتا ہے۔
ٹروتھ سوشل کی جانب سے اس میٹنگ کا اعلان ایلون مسک کے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالنے کے چند روز سامنے آیا ہے۔
خیال رہے 29 اکتوبر کو پاپ گلوکار کانیے ویسٹ کا اکاؤنٹ بحال کر دہا تھا جس کے بعد یہ سوال اٹھنا شروع ہو گئے تھے کہ کیا ڈونلڈ ٹرمپ کا اکاؤنٹ بھی بحال ہو گا؟
ویسٹ جن کو یے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے کا اکاؤنٹ یہود مخالف (اینٹی سمیٹک) پوسٹس کے الزام کے تحت معطل کیا گیا تھا۔

شیئر: