Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جنسی حملے کا الزام‘، آسٹریلیا میں سری لنکن اوپنر دنشکا گوناتھیلاکا گرفتار

دنشکا گوناتھیلاکا کو اتوار کی صبح سڈنی میں ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
سری لنکا کی قومی ٹیم کے کرکٹر دنشکا گوناتھیلاکا کو آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک خاتون پر جنسی حملے کے الزام کی بنیاد پر پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسٹریلیا میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز میں سری لنکا کی انگلینڈ سے شکست کے چند گھنٹوں بعد اوپنر دنشکا گوناتھیلاکا کو پولیس نے گرفتار کیا۔
آسٹریلیا میں نیو ساؤتھ ویلز کی پولیس نے جاری بیان میں کہا ہے کہ جنسی جرائم کی تحقیقات کرنے والے سکواڈ نے سڈنی میں ایک خاتون پر گزشتہ ہفتے ہونے والے مبینہ جنسی حملے کا الزام ایک سری لنکن شہری پر عائد کیا ہے۔
سری لنکا کے کرکٹ بورٖڈ نے تصدیق کی کہ سری لنکن شہری 31 سالہ دنشکا گوناتھیلاکا ہیں۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے جاری بیان میں کہا کہ ’سری لنکا کرکٹ نے تصدیق کی کہ انہیں انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آگاہ کیا کہ کھلاڑی دنشکا گوناتھیلاکا کو جنسی حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ سری لنکن کرکٹ (ایس ایل سی) آئی سی سی سے مشاورت کے ساتھ عدالتی کارروائی کو مانیٹر کرتے ہوئے جلد معاملے کی انکوائری کا آغاز کرے گا اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں کھلاڑی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق دنشکا گوناتھیلاکا کو اتوار کی صبح سڈنی میں ایک ہوٹل سے گرفتار کیا گیا تھا۔
دنشکا گوناتھیلاکا پر رضامندی کے بغیر جنسی عمل کا الزام ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ڈیٹنگ ایپ پر چند دنوں سے جاری بات چیت کے بعد دنشکا نے خاتون سے سڈنی میں ملاقات کی۔ پولیس کے مطابق خاتون کے گھر پر دنشکا گوناتھیلاکا نے متعدد بار ان پر جنسی حملے کیے۔ 
دنشکا گوناتھیلاکا کی ضمانت کی درخوات مسترد کرتے ہوئے انہیں پیر کو سڈنی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ تین ہفتے قبل دنشکا انجری کا شکار ہونے کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے تھے تاہم انہیں وطن واپس بھیجنے کے بجائے سکواڈ کے ہمراہ آسٹریلیا میں رکھا گیا۔
سری لنکن کھلاڑی دنشکا گوناتھیلاکا نے بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز 2015 میں کیا تھا اور اب تک 8 ٹیسٹ، 47 ون ڈے انٹرنیشنل اور 46 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔

شیئر: