Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرا لیڈر سچا، تمہارا جھوٹا‘، سیاسی تکرار کے بعد مسافر ہلاک

مقتول کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق پشاور سے تیمرگرہ جانے والی مسافر گاڑی میں دو مسافروں کے درمیان سیاسی بحث جھگڑے میں بدل گئی اور اس دوران گولی چلنے سے ایک مسافر کی موت واقع ہوگئی۔ 
مردان پولیس کے مطابق پانچ نومبر سنیچر کو پشاور سے مسافر گاڑی تیمرگرہ کی طرف جارہی تھی جس کے دو مسافروں میں سیاسی بحث چھڑ گئی تھی۔
’دونوں مسافروں نے ایک دوسرے کے سیاسی قائدین پر الزام تراشی کی اور بعد ازاں بات ہاتھا پائی تک پہنچی۔‘
قتل کے اس واقعے کا مقدمہ مردان کے تھانہ بائزئی میں درج کیا گیا ہے جس کے مدعی مقتول کے زخمی بھائی وقاص الدین ہیں۔ 
ایف آئی آر کے مطابق  لڑائی کے بعد گاڑی میں بیٹھے دیگر مسافروں نے معاملہ رفع دفع کرنے کی کوشش کی مگر  ایک مسافر نے غصے میں کال کر کے اپنے رشتہ داروں کو موٹروے بابوزئی انٹرچینج بلایا ۔
واقعے کے عینی شاہد اور مقتول کے چھوٹے بھائی وقاص الدین کے مطابق ’کچھ دیر بعد ڈنڈا بردار افراد نے مسافرکوچ کو زبردستی روک کر رحیم نامی مسافر کو مارنا پیٹنا شروع کر دیا۔‘
ایف آئی آر لکھا گیا کہ  ڈنڈوں سے زخمی کرنے کے بعد ایک شخص نے فائرنگ کی جس سے اُن کا زخمی بھائی رحیم الدین موقع پر ہلاک ہو گیا اور وہ خود زخمی ہو گئے۔ 
 مقتول کے بھائی کے مطابق اس واقعے کے چشم دید گواہ ڈرائیور اور دیگر مسافر بھی ہیں۔
اسسٹنٹ سب انسپکٹر جہانگیر خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ اس واقعے کی رپورٹ موٹروے چوکی سے ملی جس کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔ واقعہ میں ملوث ملزمان نامعلوم ہیں تاہم عینی شاہدین کے بیانات کی مدد سے ملزمان کو پکڑنے میں آسانی ہو گی۔ 
اے ایس آئی جہانگیر خان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں موجود مسافروں کے بیانات کے مطابق آپس میں الجھنے والے مسافر موجودہ سیاسی صورتحال پر بحث کر رہے تھے۔
’عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک نے کہا میرا لیڈر سچ بول رہا ہے، تمہارا لیڈر جھوٹا ہے جس کے بعد تکرار میں شدت آ گئی اور بات لڑائی تک پہنچی۔‘

شیئر: