Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم ’شرم الشیخ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ‘ میں شرکت کے لیے مصر پہنچ گئے

وزیر اعظم محمد شہباز شریف ’شرم الشیخ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن سمٹ‘ میں شرکت کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شرم الشیخ کے بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر مصر کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران نے وزیر اعظم کا استقبال کیا
وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلی حکام بھی موجود ہیں۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ سربراہی اجلاس اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کی 27 ویں کانفرنس (COP-27) کے ایک حصے کے طور پر ہو رہا ہے جو 7 اور 8 نومبر 2022 کو شرم الشیخ میں منعقد ہوگا۔
وزیر اعظم اعلی سطح کے تقاریب بشمول اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے آغاز کے لیے گول میز کانفرنس میں بطور سپیکر شرکت کریں گے۔ 7 نومبر کو مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو سمٹ میں بھی شرکت کریں گے جس کی میزبانی سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کر رہے ہیں۔  
مصر کی دعوت پر وزیر اعظم 8 نومبر 2022 کو اپنے نارویجن ہم منصب کے ساتھ ’کلائمیٹ چینج اینڈ سسٹین ابیبلٹی آف ولنرایبل کمیونٹیز پر ایک اعلی سطح کے گول میز مباحثے کی شریک صدارت بھی کریں گے۔
وزیر اعظم سمٹ کی سائیڈ لائنز پر کئی عالمی رہنماؤں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
کوپ-27 ایک ایسے وقت میں منعقد ہو رہا ہے جب پاکستان کے لاکھوں شہری اور دنیا کے دیگر حصوں میں کروڑوں افراد ماحولیاتی تبدیلی کے شدید منفی اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
اس رجحان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ایک ترقی پذیر ملک کے طور پر، پاکستان ماحولیاتی یکجہتی اور موسمیاتی انصاف کی فوری ضرورت کے لیے ایک مضبوط کال دے گا، جو مساوات اور مشترکہ لیکن مختلف ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں کے قائم کردہ اصولوں پر مبنی ہے۔ 77 گروپ کے موجودہ چیئر کی حیثیت سے، جو کہ اقوام متحدہ کے نظام میں ترقی پذیر ممالک کا سب سے بڑا مذاکراتی بلاک ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات بشمول موضوعاتی شعبوں جیسے کہ موسمیاتی مالیات، موافقت، تخفیف، اور صلاحیت کی تعمیر میں گروپ کی قیادت بھی کرے گا۔
کوپ -27اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن آن کلائمیٹ چینج کانفرنس(یو این ایف سی سی سی ) کے تحت فیصلہ سازی کا سب سے بڑا ادارہ ہے، جو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں کا جائزہ لینے اور آگے بڑھانے کے لیے سالانہ بنیادوں پر اجلاس منعقد کرتا ہے۔
ایک اہم سٹیک ہولڈر کے طور پر، پاکستان عالمی ماحولیاتی تبدیلی پر بحث، مذاکرات اور اجتماعی کارروائی میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

شیئر: