Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سکیورٹی خدشات، پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے سے انکار 

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ تین نومبر کی شام کو پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر حملہ ہوا جس میں عمران خان زخمی ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی خدشات کے باعث تحریک انصاف کو لیے اسلام آباد میں جلسے اور دھرنے کے اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سنیچر کو ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی جلسے اور دھرنے کے لیے این او سی حاصل کرنے کی  درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔ 
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ تین نومبر کی شام کو پاکستان تحریک انصاف کی ریلی پر حملہ ہوا جس میں عمران خان زخمی ہوئے جبکہ ایک شہری جاں بحق ہوا۔ 
عمران خان پر وزیرآباد میں حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’عمران خان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو سکیورٹی تھریٹ سے آگاہ کیا گیا ہے۔‘
’سکیورٹی الرٹ کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں دھرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔‘
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’تین نومبر کو عمران خان پر ہونے والے حملے کا ملزم گرفتار ہوا۔ حملہ آور نے اعترافی بیان میں کہا کہ عمران خان نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی اس لیے وہی نشانہ تھے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ’حملہ آور نے اعترافی بیان میں کہا کہ عمران خان نے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی اس لیے وہی نشانہ تھے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

’اسلام آباد میں اس سے قبل بھی مذہبی انتہا پسندی کی وجہ سے قتل کے واقعات ہو چکے ہیں۔ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر اور سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی بھی ایسے واقعات میں قتل ہوئے ہیں۔‘
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ’پی ٹی آئی کے رہنما اسلحے سمیت اسلام آباد آنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسلحے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کرنے کا کہا ہے۔ فواد چودھری نے اپنے بیان میں کارکنوں کو اشتعال دلاتے ہوئے حکومت  سے بدلہ لینے کی بات کی ہے۔‘
’لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کی دھرنے اور جلسے کی اجازت کی درخواست کو خارج کی جائے۔‘

شیئر: