Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان کے ضلع کیچ میں ’ٹارگٹ کلنگ‘، فائرنگ میں چار افراد ہلاک

لیویز کے مطابق مقتولین کا تعلق کیچ کے مختلف علاقوں سے تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے چار افراد کو قتل کر دیا ہے۔
لیویز کے مطابق واقعہ کیچ کے علاقے تمپ سے 20 کلومیٹر دور پہاڑی مقام کلبر میں جمعرات کی شام کو پیش آیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ حکومت کے حامی ایک مقامی شہری محمد حنیف اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں جا رہے تھے جب راستے میں گاڑی خراب ہونے کی وجہ سے رُکنا پڑا۔
لیویز حکام کے مطابق محمد حنیف موٹر میکینک کو لے کر آئے تو وہاں تاک میں بیٹھے مسلح افراد نے انہیں فائرنگ کر کے نشانہ بنایا۔
محمد حنیف کے ساتھی نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ بھی کی تاہم حملے میں محمد حنیف، ان کے دونوں ساتھی اور میکنک ہلاک ہو گئے۔
لیویز کے مطابق مقتولین کا تعلق کیچ کے مختلف علاقوں سے تھا۔
حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ لیویز نے حملے میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے۔

شیئر: