Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا ورلڈ کپ، مقابلہ نیدرلینڈز اور سینیگال میں لیکن ’پاکستان میچ جیت گیا‘

نیدرلینڈز نے فٹبال ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی حاصل کی ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
کھیلوں کا کوئی بھی مقابلہ ہو اس میں ہار جیت کے لیے لازم ہے کہ کھلاڑی یا ٹیم اسے کھیلے، لیکن پیر اور منگل کو پاکستانی ٹائم لائنز نے ایک ایسے ٹورنامنٹ میں گرین شرٹس کے جیتنے کی خوشی منائی جس میں وہ شریک ہی نہیں۔
قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے روز ہونے والے مقابلوں کے بعد ٹائم لائنز پر مبارک کی آوازیں گونجیں تو یہ وہ موقع تھا جب نیدرلینڈز نے سینیگال کو دو صفر سے شکست دی تھی۔
بہت سے پاکستانیوں کی ٹویٹس سے واضح تھا کہ انہیں نیدرلینڈز کی جیت پر قومی ٹیم کی کامیابی جیسی خوشی محسوس ہوئی ہے۔
چند روز قبل ختم ہونے والے کرکٹ کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم فائنل تو نہیں جیت سکی تھی لیکن گروپ سٹیج پر ٹورنامنٹ سے تقریبا باہر ہوجانے والی ٹیم کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں نیدرلینڈز کی کامیابی کا بہت اہم کردار تھا۔ جنوبی افریقہ کی مضبوط ٹیم کو شکست دے کر نیدرلینڈز کی ٹیم خود تو اگلے مرحلے تک نہیں پہنچی لیکن گرین شرٹس کو یہ موقع دے گئی تھی۔
اس پس منظر میں پاکستانی ٹویپس نے نیدرلینڈز کی فٹبال ورلڈ کپ میں جیت کو اپنی ٹیم کی کامیابی جیسا مانا تو کامیاب ٹیم کو خوب مبارکباد دی۔

کامیابی سے خوش ہونے والے پاکستانیوں کے جوشیلے جذبات کا یہ عالم رہا کہ ’دل دل پاکستان، جاں جاں پاکستان‘ کا مشہور ملی نغمہ تبدیل کر کے ’دل دل نیدرلینڈز، جاں جاں نیدرلینڈز‘ کر گئے۔

پاکستانی ٹویپ سید غلام مصطفے نے ’فیفا ورلڈ کپ میں پہلی کامیابی‘ پر ٹیم کو مبارکباد دی۔
ڈچ ٹیم آٹھ برس کے طویل وقفے کے بعد فیفا ورلڈ کپ میں کھیل رہی ہے۔

محمد عثمان نے کھیل پر تبصرہ کرتے ہوئے جہاں سینیگال کی کارکردگی کی تعریف کی وہیں آخری لمحات میں نیدرلینڈز کی جانب سے بازی پلٹ دینے کا ذکر بھی کیا۔

فٹبال ورلڈ کپ کے دوسرے روز الثمامہ سٹیڈیم دوحا میں ہونے والے گروپ اے کے میچ میں نیدرلینڈز نے سینیگال کو دو صفر سے شکست دی۔
اس کامیابی پر تبصرہ کرنے والے فٹبال فینز کے مطابق یہ جیت ایسی نہیں کہ جس پر مطمئن ہوا جائے۔ ڈچ ٹیم سے جس کھیل کی توقع تھی وہ ویسا نہیں کھیل سکی، اپنی غلطیوں پر قابو پا کر آئندہ مقابلوں میں بہتر پرفارم کرنا ہوگا۔

میچ کے 88ویں منٹ تک بغیر کسی گول کے برابر رہنے والے مقابلے پر تبصرہ کرتے ہوئے میکسیمیلیانو بریتوس نے ڈچ ٹیم کی کارکردگی کو ’مایوس کن‘ کہا تو ’ٹارگٹ پر شاٹ‘ نہ ہونے کا ذکر بھی کیا۔

گروپ اے میں ایکواڈور اور نیدرلینڈ کی ٹیمیں ایک ایک کامیابی کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
جمعہ 25 نومبر کو نیدرلینڈز کی ٹیم ایکواڈور سے مقابلہ کرے گی جب کہ 29 نومبر کو میزبان قطر کے خلاف کھیلے گی۔

شیئر: